شریف خاندان نے نیب اور عدلیہ کو دھمکیاں دینی شروع کردیں،عمران خان
لاہور:(ملت آن لائن)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اربوں روپے کی کرپشن بے نقاب ہونے کے بعد شریف برادران نیب اور اعلیٰ عدلیہ کو دھمکیوں پر اتر آئے ہیں۔ عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ یہ بہت ہی شرمناک اور ناقابل قبول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شریفوں نے گزشتہ 3 دہائیوں سے جو آمریت جاری رکھی ہوئی ہے عوام اس فرعونیت کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ خیال رہے کہ نیب نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں مبینہ غفلت کے الزام میں طلب کیا تھا جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے بیان میں کہا کہ قومی احتساب بیورو کی جانب سے طلب کیا جانا بدنیتی کے سوا کچھ نہیں ہے۔
آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم: نیب کا بلایا جانا بدنیتی پر مبنی ہے، شہباز شریف
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال سے درخواست کریں گے کہ اپنے عملے سے کہیں کہ کڑا احستاب ضرور کرے لیکن احتساب کے نام پر سیاست اور انتقام نہ لیا جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر کوئی سوچ رہا ہے کہ اس طرح دباؤ ڈالنے سے میں ڈر جاؤں گا یہ اس کی بھول ہے، میری گردن کٹ سکتی ہے جھک نہیں سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر میرے خلاف آشیانہ اسکیم یا کسی اور منصوبے میں ایک دھیلے کی کرپشن بھی ثابت ہو گئی تو خود ہی گھر چلا جاؤں گا۔