شریف خاندان کو ناکردہ گناہوں کی سزا دی جارہی ہے، لیگی رہنما
اسلام آباد: (ملت آن لائن) مسلم لیگ (ن)کے رہنما ؤ ں نے کہا ہے کہ نوازشریف نے ملک کو اندھیروں سے نکالا اور سی پیک کا تحفہ دیا ، شریف خاندان کو ناکردہ گناہوں کی سزا مل رہی ہے ، اس کے باوجود جو عدالتی فیصلہ ہوگا اس پر عمل کرینگے۔احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نوازشریف نے ملک کو اندھیروں سے نکالا اورسی پیک کا تحفہ دیا ہے ، نوازشریف ملک کا اثاثہ اور مقبول ترین لیڈر ہیں۔وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہا کہ نواز شریف کو عدالتوں سے نااہل کیا گیا اور سزائیں دی گئیں ، انہیں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی سزا مل رہی ہے، یہ ان کیساتھ سخت زیادتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بیماری تو کسی کوبھی ہوسکتی ہے ،خدا کسی دشمن کو بھی بیماری نہ دے ۔ نواز شریف کی اہلیہ کی بیماری کا بھی خیال نہیں کیاگیا ۔
مشاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ جس طریقے سے ہمیں انصاف دیا جارہا ہے اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی، کچھ جج بہت ہی شاندار اور بہادری کے ساتھ تاریخی فیصلے کرتے ہیں جبکہ کچھ ججز کی پیشانیوں پر لکھا ہوتا ہے کہ یہ منصف بھی تو قیدی ہیں ہمیں انصاف کیا دیں گے اور لکھا ہے ان کے چہروں پر جو ہم کو فیصلہ دیں گے۔
واضح رہے کہ بلوچستان سازش کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت میں پیشی کے موقع پر مشہور شاعر حبیب جالب نے یہ شعر پڑھا تھا۔ یہ منصف بھی تو قیدی ہیں۔۔۔ ہمیں انصاف کیا دیں گے۔