اسلام آباد: (ملت+اے پی پی)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے نواز شریف ڈیووس میں اینٹی کرپشن پر لیکچر دینے گئے ہیں تو پھر الطاف حسین کو بھی دہشت گردی پر لیکچر دینے کے لیے دعوت نامہ بھیجا جانا چاہیے ،عدالتی کارروائی میں شریف خاندان کی ایک اور سٹیل ملز سامنے آگئی ہے ،یہ سب منی لانڈرنگ سے بنائے گئے پیسے ہیں ،پاناما میں جو چیزیں سامنے آئی ہیں وہ قوم کی جیت ہے کیونکہ سپریم کورٹ میں حکمرانوں کی تلاشی عوام کی خواہش کے مطابق ہورہی ہے یہ پاکستان کی جیت ہے ،عدالت عظمیٰ سے انصاف پر مبنی فیصلہ آیا تولٹیرے کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے ۔ پاناماکیس کی سماعت کے بعد میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا سپریم کورٹ میں تلاشی شروع ہوئی ہے ،یہ قوم کی جیت ہے ۔انہوں نے کہا آج نواز شریف کے وکیل نے عدالت کو بتا یا کہ حسین نواز نے چار سالوں کے دوران نواز شریف کو 52کروڑ روپے بھیجے ۔ان کا کہنا تھا نواز شریف 30 کروڑکی گھڑی پہنتے ہیں اور بیٹے سے 52کروڑ روپے منگواتے ہیں ،یہ سارے پیسے منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر بھیجے گئے تھے ۔عمران خان نے کہا آج نواز شریف کے وکیل کے منہ سے نکل گیا کہ ایک اور سٹیل ملز ہے۔انہوں نے کہا پاکستان میں کرپشن پر قابو نہ پایا گیا تو ملک مزید مقروض ہو جائے گا ۔ اب بھی روزانہ 12ارب روپے کی کرپشن ہورہی ہے لیکن لٹیروں کو شرم بھی نہیں آرہی ۔وزیراعظم کروڑوں روپے کی گھڑیاں پہنتے ہیں ، وزیراعظم کی گھڑیاں کہاں سے آئیں جو بھی مال بنایا وہ چوری کے پیسوں سے بنایا گیا ، جس کی ذاتی ملکیت ظاہر کرنے کیلئے جعلی دستاویز بنائی گئیں اوراس کام کے وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق ماہر ہیں۔ عمران خان نے کہاسپریم کورٹ میں پوچھا گیا کہ حسین نواز کے پاس 52کروڑ روپے کہاں سے آئے ،ہمارے معاشرے میں تو والدین بچوں کو رقم اور تحفے دیتے ہیں یہاں بچے والد کو کروڑوں روپے دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہانوازشریف پرویز مشرف سے این آر او کرکے جدہ گئے تھے ۔فواد چودھری کا کہنا تھا حکومتی وکیل نے پہلے استثنیٰ کا معاملہ اٹھایا اور اب تحائف پر دلائل دے رہے ہیں حسین نواز نے والد کو کروڑوں کے تحائف دیئے عجیب بات ہے کہ کروڑوں کے تحفے دینے کے لئے اتنے پیسے کہاں سے آئے ۔ حسین نواز کے بقول انہوں نے اپنا سب کچھ 2005 میں بیچ دیا تھا جس سے ملنے والی رقم انہوں نے حسن نواز کو دی لیکن سوال یہ ہے کہ یہ سب کچھ ان کے پاس کہاں سے آیا ۔ اگر ‘‘ایف آئی اے ’’اسحاق ڈار کے حلفیہ بیان اور ‘‘بی سی سی ’’کی ڈاکیومنٹری کو دیکھے تو اس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ پیسے پہلے باہر بھیجے گئے پھر غیر قانونی طریقے سے واپس لائے گئے ۔
خبرنامہ
شریف خاندان کی ایک اور سٹیل ملز سامنے آگئی:عمران
