خبرنامہ

’ شریف خاندان کی سیاست سے ہمیشہ کیلیے چھٹی ہوگئی‘عمران خان

’ شریف خاندان کی سیاست سے ہمیشہ کیلیے چھٹی ہوگئی‘عمران خان

اسلام آباد(ملت آن لائن)تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف کا پاکستان کی سیاست میں کوئی کردار نہیں ہے اور شریف خاندان کی سیاست سے ہمیشہ کے لیے چھٹی ہوگئی۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے غیر ملکی خبر ایجنسی کو دیئے گئے انٹرویو میں امریکی صدر اور ان کی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

عمران خان نے کہا کہ صدرٹرمپ کی افغان پالیسی میں نقص ہے اور ٹرمپ کی پالیسی مکمل طورپر ناکام ہوچکی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ امریکا طالبان کو شکست نہ دے سکا تو پاکستان کو اس کا قصور وار ٹھہرانا درست نہیں، حکومت میں آئے تو امریکا کوصاف کہیں گے کہ جنگ ایسے نہیں جیتی جاسکتی۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدرکے بیان سے پاکستانیوں کودکھ ہوا جب کہ ڈرون حملے پاکستان میں امریکا مخالف جذبات بھڑکاتے ہیں۔

چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ 17 سال قبل بھی کہا تھا کہ مزید لڑائی اور خون بہانا کوئی جواب نہیں، امریکا کو طالبان کو تباہ کرنے کی کوشش کے بجائے مذاکرات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں طالبان کے محفوظ ٹھکانے ہیں اور وہ افغان سرزمین سے پاکستان پر حملے کرتے ہیں۔

عمران خان نے سابق وزیراعظم سے متعلق کہا کہ نوازشریف کا پاکستان کی سیاست میں کوئی کردار نہیں، شریف فیملی کی سیاست سے ہمیشہ کے لیے چھٹی ہوگئی، پورا خاندان ہی کرپشن میں ملوث نکلا ہے، اب یہ کس منہ سے دوبارہ سیاست میں آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف انتخابات میں کامیاب ہوئی تو کرپٹ عناصر کو نہیں چھوڑے گی۔

دوسری جانب چیرمین تحریک انصاف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آئی بی کے سربراہ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

عمران خان نے آئی بی چیف سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئی بی چیف 4 دن لندن میں کیا کررہے تھے،کیا وہ نااہل وزیراعظم سے ملنے گئے تھے؟ آئی بی چیف ریاست کا نمائندہ ہے شریف خاندان کا نہیں، انہیں ریاست کا وفادار ہونا چاہیے نوازشریف کا نہیں۔

چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اس طرح کے اقدامات سے مافیا تمام قوانین اور جمہوری روایات کو توڑرہا ہے، اس طرح ریاستی اداروں کو تباہ کیا جارہا ہے، آئی بی چیف ایسا ماحول بنارہے ہیں جس سے اراکین اسمبلی نواز شریف کے ساتھ جڑے رہیں، آئی بی چیف نواز شریف کے لیے سہولت کار کا کردار ادا کررہے ہیں۔

ادھر عمران خان کے بیان پر سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ آئی بی چیف سرکاری دورے پر لندن گئے تھے اور ان کا دورہ تین ماہ سے طے شدہ تھا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آئی بی چیف کی لندن میں سرکاری مصروفیات رہیں۔