لاہور(ملت آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ دنیا آج پاکستان میں شفافیت کا برملا اعتراف کر رہی ہے جب کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کا پاکستان اپنی حقیقی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریوکی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ دنیا آج پاکستان میں شفافیت کا برملا اعتراف کر رہی ہے اور قائداعظم محمد علی جناحؒ کا پاکستان اپنی حقیقی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال کامیابیاں ملی ہیں جب کہ وزیراعظم نواز شریف کے دور قیادت میں پاک برطانیہ تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔
برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ آپ کی قیادت میں پنجاب حکومت نے کئی شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھائی ہے، تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں میں پنجاب حکومت کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جب کہ پنجاب حکومت کے ساتھ آنے والے وقتوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔