خبرنامہ

شہباز شریف وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہونگے، پرویز رشید

شہباز شریف وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہونگے، پرویز رشید

اسلام آباد: (ملت آن لائن) مسلم لیگ ن کے ترجمان سینیٹر پرویز رشید نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی اسلام آباد آمد کے موقع پر وکلاء سے ملاقاتوں کے علاوہ کوئی میٹنگ یا مشاورت شیڈول نہیں، نواز شریف کے بعد شہباز شریف ہی پارٹی کے سینئر لیڈر اور ذمہ دار ہیں، عمران خان کو شہباز شریف کا بخار کیوں چڑھا ہے، سب جانتے ہیں۔ سینیٹر پرویز رشید نے مزید کہا کہ شہباز شریف کی پنجاب پر رٹ اور گرپ کی دنیا معترف ہے،
عمران خان انتخابات سے ہمیشہ خوفزدہ رہے ہیں، اب بھی انہیں کچھ ملنے والا نہیں، سیاسی حریفوں کو عدالتوں کے ذریعے ہٹانے کی روش عوام نے قبول نہیں کی، مائنس ون سیاسی محاذ پر نہیں ہوتا۔
سینیٹر پرویز رشید نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کی سیاست کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے، عمران خان اکیلے کھیلنا چاہتے ہیں لیکن سیاست میں ایسا نہیں ہوتا۔

ادھر وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے قریبی لیگی رہنما نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب، سابق وزراعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد سے ہی وزارتِ عظمیٰ کا قلمدان سنبھالنے کے لیے پارٹی کے امیدوار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے لیے نامزد کیا گیا تھا تاہم پارٹی قیادت کی جانب سے یہ فیصلہ اس وقت واپس لے لیا گیا جب پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ کے متعدد اُمیدوار سامنے آئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ پارٹی کے مضبوط ترین صوبے میں وزارتِ اعلیٰ کے قلمدان کے لیے لیگی دھڑوں میں اختلافات پیدا ہونے کا خدشہ تھا۔

تاہم انہوں نے شہباز شریف کو اہم کردار دینے کے لیے پارٹی میں کسی بھی طرح کے علیحدہ علیحدہ نقطہ نظر کی بھی تردید کر دی۔

وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی اجلاس کے بعد ملے جلے ردِعمل کا اظہار کیا۔