شہباز شریف کی نئے چینی سفیر سے ملاقات، مثالی قرار
لاہور:(ملت آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے چین کے نئے سفیر یاؤ جنگ سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے انہیں گلدستہ پیش کیا اور پاکستان میں تعیناتی پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع چینی سفیر نے کہا وزیراعلیٰ شہبازشریف ویژنری لیڈر ہیں اور “پنجاب سپیڈ” کا اعزاز انکی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ یاؤ جنگ نے کہا وزیر اعلیٰ پنجاب نے مقررہ شیڈول سے قبل ترقیاتی منصوبے مکمل کر کے ایک مثال قائم کی۔ اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی دنیا میں امن، محبت، تعاون اور والہانہ جذبوں کی روشن مثال ہے۔ سی پیک کے عظیم منصوبے نے معاشی و اقتصادی ترقی کی نئی تاریخ رقم کی اور خطے کے دیگر ممالک بھی سی پیک سے مستفید ہوں گے جبکہ سی پیک سے پاکستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلی گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے مابین برادرانہ دوستی کا سفر چھ دہائیوں پر مشتمل ہے۔ چین نے مشکل حالات میں پاکستان کا ہاتھ تھام کر ہمیشہ سچے دوست کا ثبوت دیا۔ پاکستانی قوم چین کا یہ عظیم احسان کبھی نہیں اتار سکتی۔
خبرنامہ
شہباز شریف کی نئے چینی سفیر سے ملاقات، مثالی قرار