خبرنامہ

شہباز شریف کے بعد وزیراعلیٰ کون ؟

شہباز شریف کے بعد وزیراعلیٰ کون ؟

پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لئے خواجہ احمد حسان ، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن اور رانا ثنا اللہ کے ناموں پر غور شروع کر دیا گیا

لاہور( روزنامہ دنیا ) وزیر اعظم کے لئے شہباز شریف کا نام فائنل ہونے کے بعد پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لئے خواجہ احمد حسان ، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن ، رانا ثنا اللہ کے ناموں پر غور شروع کر دیا گیا ہے ۔

خواجہ احمد حسان کے ترکی اور چائنہ کی سرمایہ کار کمپنیوں سے مضبوط روابط کے باعث ان کا نام زیر غور ناموں میں شمولیت کا باعث بنا ہے ۔ پنجاب میں اورنج لائن ٹرین سمیت ترکی اور چائنہ کی جانب سے جاری منصوبہ جات سینئر مشیر خواجہ احمد حسان کے زیر نگیں ہیں ۔

حتمی فیصلہ پارٹی سیکرٹریٹ میں ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا ۔ خواجہ احمد حسان کا نام فائنل ہونے کی صورت میں انہیں شہباز شریف کے حلقہ پی پی 159 سے الیکشن لڑوایا جا سکتاہے

…………..

حسن ابدال :ٹرک اور وین میں تصادم ، 13 افراد جاں بحق
گیس پائپ لائن سے ٹکرانے سے وین میں آگ لگ گئی ، مسافروں کو وین سے باہر نکلنے کا موقع بھی نہ مل سکا ، ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا

حسن ابدال (دنیا نیوز ) حسن ابدال میں ایبٹ چوک کے قریب حادثے کے بعد وین میں آگ لگ گئی جس میں 13 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے ۔ حادثہ گیس پائپ لائن سے ٹکرانے کے بعد پیش آیا ۔ اٹک کے علاقے حسن ابدال میں ٹرک اور وین کے درمیان خوفناک تصادم ہوا جس کے بعد وین میں آگ لگ گئی مسافروں کو نکلنے کا موقع بھی نہ ملا اور وہ لقمہ اجل بن گئے ۔ واقعے کے بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں ، لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا ۔ انتظامیہ کے مطابق گیس پائپ لائن کے باعث مسافر وین آگ کی لپیٹ میں آئی جس سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے حسن ابدال ٹریفک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور واقعے کی رپورٹ طلب کی ہے ۔