خبرنامہ

عائشہ گلالئی نے کردار کشی کیلئے 5 کروڑ روپے لئے، فواد چوہدری

اسلام آباد(ملت آن لائن)تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے الزام عائد کیا ہے کہ عائشہ گلالئی نے 5 کروڑ روپے لے کر عمران خان کی کردار کشی کی جس پر انہیں نوٹس جاری کرتے ہوئے معافی کا مطالبہ کیا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عائشہ گلالئی کو عمران خان کی کردار کشی کرنے پر نوٹس جاری کردیا جس میں ان سے معافی کے مطالبے کے علاوہ آرٹیکل 63 اے کے تحت نشست سے فوری طور پر استعفے کا کہا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اگر لیڈر اتنا برا تھا تو عائشہ گلالئی اس کی دی گئی نشست سے بھی انہیں استعفیٰ دینا چاہیے، اگر عائشہ گلالئی قومی اسمبلی کی نشست سے استعفا نہیں دیتیں تو الیکشن کمیشن سے ڈی نوٹیفائی کرائیں گے۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ 1996 میں عمران خان سیاست میں آئے تو ان پر پہلے بھی حملے کئے گئے جب کہ ماضی میں بے نظیر بھٹو اور دیگر رہنماؤں کی بھی کردار کشی کی جاتی رہی ہے اور عائشہ گلالئی نے عمران خان کی کردار کشی کے لئے 5 کروڑ روپے وصول کئے ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران ترجمان تحریک انصاف نے حدیبیبہ پیپرز ملزم، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ عام کرنے اور ایل این جی ریفرنس کیس کو کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔

تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ عائشہ گلالئی کے الزامات سے بہت تکلیف ہوئی، الزامات لگانے سے پہلے اپنے دامن کو بھی دیکھنا چاہیے، جس نشست پر پوری دنیا کی نظر ہے، عمران خان نے مجھے کہا کہ اس نشست پر میں انتخاب لڑوں۔