ملک بھر میں عام انتخابات کے بعد منتخب ہونے والےاراکین قومی اسمبلی نے حلف اٹھا لیا۔ اسپیکراسمبلی سردارایازصادق نےمنتخب اراکین سے حلف لیا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم کیلئے ووٹنگ 16، اسپیکراورڈپٹی اسپیکرکا چناو 15 اگست کو ہوگا۔
اس موقع پر سردار اختر مینگل، اکبر بگٹی کے بیٹے شاہ زین بگٹی ،عمران خان، شاہد محمود قریشی، شہباز شریف، آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، احسن اقبال، اسد قیصر، پرویز خٹک ، شیری مزاری، خواجہ آصف، راجہ پرویز اشرف، فواد چوہدری، شفقت محمود، نوید قمر، رانا ثناءاللہ اور دیگرمعززاراکین بھی ایوان میں بیٹھے نظر آئے۔
دلچسپ صورت حال اس وقت دیکھنے میں آئی جب عمران خان، آصف زرداری اور شہباز شریف نے انتہائی قریب سے گزرتے ہوئے ایک دوسرے سے مصافحہ نہیں کیا۔ عمران خان قائد ایوان کے لیے مخصوص نشست کے ساتھ والی نشست پر براجمان ہیں، جب کہ بلاول بھٹو زرداری۔۔ نفیسہ شاہ کے ساتھ والی نشست پر موجود ہیں۔ سابق صدر آصف زرداری سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے ساتھ بیٹھے ہیں، جب کہ شہباز شریف، احسن اقبال اور رانا تنویر ساتھ ساتھ بیٹھے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی پہلی بار قومی اسمبلی میں آئے اور انہوں نے عمران خان کی نشست پر جاکر ان سے ملاقات کی جب کہ دونوں رہنماؤں نے ایک ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔
سابق صدرآصف زرداری حلف اٹھانے کے بعد جب اسپیکر کے ڈائس کے قریب پہنچے تو گیلری میں موجود ان کی صاحبزادیوں اور دیگر پارٹی رہنماوں کی جانب سے جئے بھٹو کے نعرے لگائے گئے۔
اسمبلی کے اجلاس کا آغاز قومی ترانے سے ہوا اور تمام اراکین نے بصد احترام کھڑے ہوکر قومی ترانہ سنا جس کے بعد تلاوت کلام پاک کی گئی۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اجلاس کے آغاز میں نومنتخب اراکین کو مبارکباد دی اور حلف کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔ ایاز صادق نے قومی اسمبلی کے اسپیکر اورڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے 15 اگست کی تاریخ کا اعلان کیا اور طریقہ کار بھی بتایا۔ بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے حلف برداری شروع ہوئی اور نو منتخب اراکین اسمبلی سے حلف لیا، جس کے بعد اراکین کی جانب سے دستخط کا سلسلہ جاری رہا۔
وزیراعظم کا چناو
16 اگست کو وزیراعظم کا انتخاب کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے مشروط ہوگا، 16 کی صبح کو کاغذات نامزدگی جمع کرائے گِئے توشام میں وزیراعظم کا انتخاب ہوگا۔دوسری صورت میں یہ انتخاب 17 اگست کی صبح ہوگا۔ نو منتخب وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب 18 اگست کو ایوان صدرمیں منعقد کی جائے گی۔ جنرل نشستوں کےبعد خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں بھی سیاسی جماعتوں کو الاٹ کردی گئیں۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس نگران وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک کی سفارش پر صدر مملکت نے 13 اگست کو بلانے کی منظوری د