عمران خان اورجہانگیر ترین نااہلی کیس کا فیصلہ سنانا شروع
اسلام آباد:(ملت آن لائن)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور جنرل سیکریٹری جہانگیر ترین کی نااہلی سے متعلق کیس کا فیصلہ سنا رہے ہیں۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کمرہ عدالت میں تاخیر کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ 250 صفحات پر مبنی فیصلے کی ڈرافٹنگ کے ایک صفحے میں غلطی تھی جس کی وجہ سے پورے فیصلے کو دوبارہ پڑھنا پڑا جس پر عدالت نے معذرت چاہی۔
عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ فیصلے کو تحمل سے سنا جائے جس کے بعد چیف جسٹس نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف پر غیرملکی فنڈنگ کا الزام لگایا گیا، درخواست گزار غیرملکی فنڈنگ پر متاثرہ فریق نہیں۔
سپریم کورٹ کا کمرہ عدالت نمبر ایک وکلا، تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور میڈیا نمائندوں سے کھچا کھچ بھر گیا جب کہ حاضرین 2 بجے سنائے جانے والے فیصلے کے منتظر ہیں۔
فیصلہ سنانے والے تینوں معزز ججز اپنے چیمبر میں موجود ہیں جب کہ کمرہ عدالت میں جگہ نہ ہونے کے باعث گیلری بھی کھلوا دی گئی۔
کمرہ عدالت میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے وزیرمملکت مریم اورنگزیب، دانیال عزیز، طلال چوہدری، مصدق ملک اور دیگر موجود ہیں جب کہ تحریک انصاف کی جانب سے فواد چوہدری، فردوس عاشق اعوان، نذر محمد گوندل ، سینیٹر شبلی فراز، فیصل خان سمیت دیگر موجود ہیں۔
عمران خان کے وکیل نعیم بخاری، حنیف عباسی کے وکیل اکرم شیخ اور جہانگیر ترین کے وکیل سکندر مہمند بھی کمرہ عدالت میں موجود ہیں جب کہ فاضل ججز اپنے چیمبر میں ہیں۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے 14 نومبر کو نااہلی کیس پر سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کیا تھا، بینچ میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس عمر عطا بندیال بھی شامل ہیں۔
عمران خان اور جہانگیر ترین نااہلی کیس کا فیصلہ محفوظ سپریم کورٹ کے باہر سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے ہیں جب کہ تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود ہے۔