خبرنامہ

عمران خان نااہلی سے بچ گئے، سپریم کورٹ

عمران خان نااہلی سے بچ گئے، سپریم کورٹ

اسلام آباد(ملت آن لائن)سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو نااہل قرار دینے کے لئے دائر درخواست مسترد کردی۔

سپریم کورٹ نے عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست پر فیصلہ سنادیا ہے۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ فیصلے کو تحمل سے سنا جائے جس کے بعد چیف جسٹس نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف پر غیرملکی فنڈنگ کا الزام لگایا گیا، درخواست گزار غیرملکی فنڈنگ پر متاثرہ فریق نہیں۔

عدالت نے فیصلے میں کہا کہ الیکشن کمیشن غیرجانبدارنہ طور پر اکاؤنٹس کی چھان بین کرے۔

عدالت عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ عمران خان نیازی سروسز لمیٹڈ کے شیئر ہولڈر یا ڈائریکٹر نہیں تھے۔

کمرہ عدالت میں تاخیر کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ 250 صفحات پر مبنی فیصلے کی ڈرافٹنگ کے ایک صفحے میں غلطی تھی جس کی وجہ سے پورے فیصلے کو دوبارہ پڑھنا پڑا جس پر عدالت نے معذرت چاہی۔ فیصلہ سنائے جانے کے وقت عمران خان سپریم کورٹ میں موجود نہیں تھے تاہم جہانگیر ترین، تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری ، درخواست گزار حنیف عباسی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور دیگر سیاسی شخصیات بھی اس موقع پر کمرہ عدالت میں موجود تھیں۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے آف شور کمپنیاں چھپانے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی کے لیے دو درخواستیں دائر کی تھیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس فیصل عرب پر مشتمل سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے ایک سال سماعت کے بعد 14 نومبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔