خبرنامہ

عمران خان کی سیاست پر افسوس ہوتا ہے، نواز شریف

عمران خان کی سیاست

عمران خان کی سیاست پر افسوس ہوتا ہے، نواز شریف

سوات:(ملت آن لائن) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی سیاست پر افسوس ہوتا ہے اور انہوں نے خیبر پختونخوا میں کچھ کام نہیں کیا۔ سوات میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 5 سال میں خیبر پختونخوا میں تو کچھ نہیں کیا لیکن اپنی اے ٹی ایم مشین جہانگیر ترین کی دولت ختم کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے آف شور کمپنی کو مانا لیکن اسے نہیں نکالا گیا، نواز شریف کے خلاف ایک پیسے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی لیکن بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکال دیا گیا۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان کی سیاست پر افسوس ہوتا ہے کیونکہ انہوں نے 5 سال دھرنوں، الزامات اور جھوٹ بولنے میں گنوائے ہیں۔
عمران خان حکومت بنا لیتے تو پتہ نہیں پاکستان کا کیا حال ہوتا، نواز شریف
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان تو اس قابل بھی نہیں کہ ایک ضلعے سے بھی الیکشن جیتے، اگر وہ حکومت بنا لیتے تو پتہ نہیں پاکستان کا کیا حال ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان میٹرو بس کو جنگلا بس کہتے تھے اور اب وہی بس انہوں نے پشاور میں شروع کر دی ہے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ لاہور کی میٹرو بس پر 50 ارب روپے اور راولپنڈی کی میٹرو بس پر 41 ارب روپے کے لگ بھگ خرچ ہوئے لیکن پشاور میٹرو بس پر 71 ارب روپے خرچ ہو رہا ہے، یہ لوگ قوم کا پیسہ ہڑپ کر رہے ہیں، عمران خان قوم کا پیسہ واپس کرو۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ہمارا ساتھ دیتے تو ہم انہیں ساتھ لیکر چلتے لیکن انہوں نے تو گالم گلوچ کی سیاست کی، خیبر پختونخوا کے عوام سے کہتا ہوں کہ آئندہ ایسے شخص پر کبھی اعتبار مت کرنا۔
اگر کسی نے ترقی دیکھنی ہے تو پنجاب اور لاہور آ کر دیکھے، سابق وزیراعظم
نواز شریف نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ اگر تم نے ترقی دیکھنی ہے تو آؤ پنجاب اور لاہور آؤ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کراچی اور سوات سمیت پورے ملک میں امن قائم کیا اور اسی وجہ سے ملالہ یوسفزئی وطن واپس آئی ہیں۔ قبل ازیں سوات کے کبل گراؤنڈ میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کبھی کہتے ہیں نواز شریف اداروں سے تصادم کرتے ہیں، کبھی کہتے ہیں ڈیل کررہے ہیں، تمہاری کون سی بات درست ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ ہمیں ڈیل کی ضرورت نہیں بلکہ دلیل کی ضرورت ہے جہاں بتایا جائے کہ الزام میں صداقت ہے۔
سینیٹ انتخاب میں عمران خان نے ووٹ کی پرچی زرداری کے قدموں میں رکھی، مریم نواز
سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی کا کہنا تھا کہ زرداری اور عمران جس جھنڈے کے نیچے اکٹھے ہوئے وہ عوام کا نہیں، سینیٹ انتخاب میں عمران نے زرداری کے قدموں میں ووٹ کی پرچی رکھ دی، آپ کے ووٹ کے خلاف سازش میں عمران خان اور کے پی کے حکمران مہرہ بن کر استعمال ہو رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ مخالفین کہہ رہے ہیں کہ نواز شریف کا بیانیہ بہت مقبول ہو گیا ہے، یہ بیانیہ حق اور سچ کا بیانیہ ہے اور ظلم کے خلاف آواز اٹھانے کا بیانیہ ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ وہ مشرف جس نے ملک کا آئین توڑا، ایک منتخب وزیراعظم کو برطرف کر کے ہتھکڑیاں لگائیں اور کمر کے درد کا بہانہ بنا کر آرام سے ملک سے فرار ہو گیا، بتایا جائے کہ ملک میں یہ دو نظام کیوں ہیں، کسی عدالت میں جرأت نہیں کہ اسے واپس بلائے۔ آپ کے ووٹ کے خلاف سازش میں عمران خان اور کے پی کے کے حکمران مہرہ بن کر استعمال ہو ئے، مریم نواز مریم نواز نے کہا کہ آج ہم اس سوات میں کھڑے ہیں جہاں بم دھماکے ہوتے تھے، وہ مشرف اور زرداری کا پاکستان تھا جب روز لاشیں گرتی تھیں لیکن آج یہ پاکستان نواز شریف کا پاکستان ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ آپ کی گلیاں، بازار اور سڑکیں آباد ہوگئی ہیں، بم دھماکوں کا نشان مٹ چکا ہے، یہ ان لوگوں کا پاکستان ہے جو آئین اور قانون کے لیے کھڑے ہوئے اور یہ پاکستان دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ کے اندھیروں کا خاتمہ کرنے والوں کا پاکستان ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آپ نے جن لوگوں کو 2013 میں ووٹ دیا انہوں نے صحت کے انصاف کا نعرہ لگایا اور بجائے صحت کا انصاف دیتے وہ اسلام آباد میں دھرنا دینے پہنچ گئے۔ مریم نواز نے کہا کہ اِن لوگوں نے تعلیم کی ایمرجنسی کا نعرہ بھی لگایا لیکن وہ سپریم کورٹ کے ذریعے عدالتی ایمرجنسی لگوانے کے لیے اسلام آباد میں بیٹھ گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خیبر پختونخوا کے عوام سے جھوٹے وعدے کیے، عمران خان اور صوبے کے حکمران اس وقت کہاں تھے جب کے پی کے میں سیلاب اور ڈینگی آیا۔ رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ آپ کے ووٹ کے خلاف جو سازش ہو رہی تھی اس میں خیبر پختونخوا کے حکمران اور عمران خان مہرہ بن کر استعمال ہو رہے تھے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف بھی اب سے کچھ دیر بعد جلسے کے شرکاء سے خطاب کریں گے۔ گراؤنڈ کے اندر اور باہر نواز شریف اور مریم نواز کی تصاویر اور بینرز آویزاں کیے گئے ہیں جب کہ پارٹی رہنماؤں کے بیٹھنے کے لئے 80 فٹ اونچا اور 24 فٹ چوڑا اسٹیج بھی بنایا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر واحد محمود کے مطابق جلسے کے لئے سیکیورٹی کے فول پروف اقدامات کیے گئے ہیں۔