خبرنامہ

عمران خان کی شادیاں

عمران خان کی شادیاں

پہلی شادی جمائما خان سے کی جو نو سال چلی، ریحام خان سے ہونے والی دوسری شادی صرف 10 ماہ میں اپنے انجام کو پہنچ گئی

اسلام آباد عمران خان پہلے بھی دو شادیاں کرچکے ہیں، ان کی پہلی شادی جمائما کے ساتھ نو سال چلی، گیارہ سال بعد ٹی وی اینکر ریحام خان سے شادی ہوئی جو 10ماہ میں ہی ختم ہوگئی۔ دونوں شادیوں کا انجام طلاق پر ہوا۔
عمران خان کی تیسری شادی کے ہر طرف چرچے ہو رہے ہیں۔ پہلے جمائما اور پھر ریحام سے انہوں نے شادی رچائی۔ کپتان کی جمائما سے شادی سولہ مئی 1995کو ہوئی جو 9 برس بعد 22 جون 2004 کو طلاق پر ختم ہوئی۔ جمائما سے عمران خان کے دو بیٹے سلمان اور قاسم ہیں جو لندن میں اپنی والدہ کے ساتھ ہی رہتے ہیں۔
جمائما سے علیحدگی کے 11 سال بعد عمران خان نے دوسری شادی ٹی وی اینکر ریحام خان سے کی جو بمشکل ہی 10 ماہ چل پائی۔ کپتان نے اس شادی کا باضابطہ اعلان 8 جنوری 2015 کو کیا تھا۔ دھرنے کے دوران بھی انہوں نے شادی کا ذکر کیا تھا، عمران خان کی دونوں شادیوں کا انجام طلاق پر ہوا تھا، ان کے کئی سکینڈلز بھی منظر عام پر آئے۔

……….

اسلام آباد:
پاکستان تحریک انصاف نے چیرمین عمران خان کی شادی سے متعلق باضابطہ بیان جاری کردیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی چیرمین عمران خان کی شادی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے ابھی بشری مانیکا سے شادی نہیں کی بلکہ انہیں صرف شادی کا پیغام دیا ہے اور یہ بیان ریکارڈ کی درستگی کےلیے دیا جارہا ہے، جب کہ اس انتہائی حساس اور ذاتی معاملے کو غلط سلط خبروں کی زینت بنانا انتہائی افسوس کی بات ہے، کیونکہ اس کی وجہ سے عوام میں افواہوں اور قیاس آرائیوں نے جنم لیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے بشری مانیکا کو پروپوز کیا ہے جب کہ بشری مانیکا نے بچوں اور خاندان سے مشاورت کے لیے وقت مانگا ہے۔ پارٹی بیان میں کہا گیا کہ بہت دکھ کی بات ہے کہ عمران خان کی شادی کی خبر دینے والے صحافی نے سنی سنائی باتوں پر انتہائی نجی معاملے کو پبلک کیا جس پر افسوس ہے، اور پبلک لائف نہ رکھنے والی خاتون کی زندگی کو مشتہر کیا گیا۔