خبرنامہ

صرف وزیراعظم نہیں، اسحاق ڈار اور شہباز شریف بھی مستعفی ہوں، عمران خان

اسلام آباد(ملت آن لائن)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ صرف وزیراعظم نواز شریف کا نہیں بلکہ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف اور وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے فوری استعفے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار وزیراعظم نواز شریف کے لئے منی لانڈرنگ کرتا رہا ہے جس کا اعتراف بھی کیا جب کہ وہ وزیراعظم کا فرنٹ مین تھا۔

عمران خان نے وزیراعظم نواز شریف، وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور وزیراعلی پنجاب شہباز شریف سمیت اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بھی استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف عدالت میں ریفرنس دائر کریں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سارا خاندان پیسے بنانے اور پیٹ بھرنے میں لگا ہے، انہوں نے قوم کا پیسہ چوری کیا، ان کے لئے استعفیٰ کافی نہیں، ان کا گھر اب اڈیالہ جیل ہونا چاہیئے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاناما میں ہزاروں لوگوں کے نام آئے کسی ایک نے نہیں کہا کہ یہ غلط ہے جب کہ حکمراں خاندان کہتا رہا کہ مریم نواز بینی فیشل آنر نہیں اور اب جے آئی ٹی کی تصدیق شدہ کاپی مل چکی کہ جس میں مریم نواز کو بینی فیشل آنر قرار دیا گیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بے ضمیر لوگ کہتے ہیں ہم رپورٹ نہیں مانتے، یہ کہتے ہیں سازش ہوئی اور جے آئی ٹی نے ٹھیک کام نہیں کیا، یہ لوگ کس منہ سے ٹی وی پر جارہے ہیں، ٹی وی پر بات کرنے سے پہلے جے آئی ٹی کی تصدیق شدہ رپورٹ تو پڑھیں۔

عمران خان نے کہا کہ جب ادارے انہیں بچانے کے لئے رکاوٹ ڈالتے ہیں تو یہ کہتے ہیں ٹھیک ہے،ایس ای سی پی کے چیئرمین ظفر حجازی نے دستاویزات ٹیمپر کیں، انہوں نے سپریم کورٹ میں جھوٹ بولا ، ایس ای سی پی کا غلط استعمال کیا تاہم تمام حکومتی اداروں نے سپریم کورٹ میں آکر ہاتھ کھڑے کردیے تھے۔

ایک سوال پر چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کو ’’عمران نامہ‘‘ قرار دینا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، پیر کو سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کریں گے۔