سابق وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پچیس جولائی کو عمران خان گھر جائیں گے۔
اسلام آباد میں کارکنان سے خطاب میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ایسی قوت سے مقابلہ ہے جو اقتدار میں آنے کے لیے ہر ممکن سودہ کرنا چاہتے ہیں، لیکن ان کو اقتدار نہیں ملے گا۔ تحریک انصاف کے کارکنان پیچے رہ گئے، آج وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کی فوج الیکشن لڑ رہی ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ الیکشن نہیں دو قوتوں کے بیچ مقابلہ ہے، ایک ایسی قوت ہے جو اقتدار میں آنے کے لیے ہرممکن سودہ کرنا چاہتی ہے، کہاں گئے وہ تبدیلی والے، نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والے پاکستان کے وجود سے انکاری ہیں۔
واضح رہے کہ عام انتخابات میں حصہ لینے والی سیاسی جماعتوں، آزاد میدواروں اور آزاد حیثیت میں لڑنے والے سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو انتخابی نشانات الاٹ کردیئے گئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ آفیسر کی زیر صدارت تمام آر اوز کی میٹنگ میں انتخابی نشانات الاٹ کرنے کا معاملہ تکمیل کو پہنچا۔ آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لینے والوں کو 100 نشانات میں سے کسی ایک کو منتخب کرکے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرانی تھی۔
جماعتی وابستگی سرٹیفیکیٹ
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ ریٹرننگ افسران امیدواروں کی جانب سے جماعتی وابستگی سرٹیفیکیٹ آج نشانات الاٹ کرنے تک وصول کرسکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کےاعلامیہ کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017 کی زیر دفعہ 66تمام ریٹرننگ افسران امیدواروں کی جانب سےجماعتی وابستگی سرٹیفکیٹ آج نشانات الاٹ کرنے تک وصول کرسکتے ہیں۔ انتخابی امیدواروں کی حتمی فہرستیں آج سہ پہر 4 بجے نشانات الاٹ کرنے کے بعد فارم 33 پر جاری کی جائیں گی اور امیدواروں کے نام فارم 33 پر اردو حروف تہجی کی ترتیب کےمطابق درج کئے جائیں گے۔ اعلامیہ کے مطابق امیدواروں کے نام بھی قومی شناختی کارڈ کے مطابق ہی درج ہوں گے اور ریٹرننگ افسر قومی شناختی کارڈ کے علاوہ امیدواروں کا کوئی اضافی نام فارم 33 پر درج نہیں کریں گے۔
کاغذات نامزدگی کی واپسی:
امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی واپس لینے اور پارٹی ٹکٹ جمع کرانے کا عمل 29 جون جمعہ کے روز مکمل ہوا۔
امیدوار یکم جولائی سے 23 جولائی تک انتخابی مہم چلا سکیں گے، جس کیلئے امیدواروں کو 23 دن انتخابی مہم چلانے کیلئے ملیں گے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار عام انتخابات کیلئے پولنگ کے اوقات میں اضافہ کیا گیا۔ پولنگ صبح آٹھ بجے سے شام 6 بجے بلا تعطل جاری رہے گی۔ ووٹرز اپنے حق رائے دہی با آسانی استعمال کر سکیں گے۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق پولنگ کے اوقات میں ایک گھنٹے اضافے کا مقصد انتخابی عمل میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانا ہے۔ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق امیدوار پولنگ سے 48 گھنٹے قبل انتخابی مہم ختم کرنے کے پابند ہوں گے۔ جس کے بعد 25 جولائی کو عام انتخابات کے لیے ملک میں بھر میں پولنگ ہوگی۔