وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام سے رابطہ ہرسیاسی جماعت کا بنیادی حق ہے،سیاسی جماعتوں کے لیے عوام سےرابطہ آکسیجن ہوتا ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ یہ عوام کا اعتماد ہے جس نے نواز شریف کو حوصلہ دیا، اللہ میرے بھائی، قائد اور ریلی کے شرکاء کی حفاظت کرے۔
شہبازشریف کا کہنا ہے کہ محمدنوازشریف اپنی شب و روز کاوشوں کی بنا پر عوام کے محبوب ترین رہنما ہیں، وہ استقامت، صبر و تحمل، صلاحیت اور دیانت کا پیکر ہیں، دھرنا عناصر آج ان کی عوامی مقبولیت سے خائف ہیں، عوامی لیڈر نوازشریف کی مقبولیت کا خوف مخالفین کو بےچین کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف قوم کو لوڈشیڈنگ کےاذیت ناک عذاب سےنجات دلانےوالےعظیم لیڈر ہیں، ان کی قیادت میں پرامن، مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان کی منزل حاصل ہوئی، مسلم لیگ ن ملک کی ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہے، عوامی خدمت کی بنا پر مسلم لیگ ن آئندہ انتخابات میں مزید مضبوط ہو کر سامنے آئے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا ہے کہ مضبوط معیشت، امن اور غیرملکی سرمایہ کاری بھی نوازشریف کے تاریخی کارنامے ہیں، ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کی پالیسی اپنا کر اربوں روپے بچائے گئے ہیں، انتھک محنت اور جدوجہد کے باعث پاکستان ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوا ہے۔
شہبازشریف کاکہنا ہے کہ پاکستان میں سیاسی شعبدہ بازوں کی کوئی گنجائش نہیں، نیا پاکستان بنانےوالوں نےملک کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا،جھوٹ، دھرنے اور بے بنیاد الزامات ان کی سیاست کا محور اور پہچان ہیں، ہر معاملے پر یو ٹرن، دروغ گوئی اور منافقت ان کا معمول ہے،سیاست میں الزام تراشی،گالم گلوچ اور بدتمیزی کاکلچر انہی عناصر نےپروان چڑھایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کےخلاف روز اول سےہی نیازی اینڈ پارٹی نےسازشوں اور الزامات کا تانا بانا بنا،ملک کی ترقی اور خوشحالی میں رکاوٹیں ڈالنا ان کا شیوہ بن چکا ہے،محمد نوازشریف نےالزامات کی پروا کئےبغیر ترقی کا سفر تیزی سےجاری رکھا۔
شہبازشریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ گزشتہ 4برسوں میں پاکستان نےجو اعلیٰ مقام حاصل کیا، وہ سب کےسامنےہے، مستحکم اور پُرامن پاکستان کیلئے تاریخی اقدامات کئے گئے، نوازشریف وطن اور عوام سےمحبت کےباعث20 کروڑ پاکستانیوں کےدلوں میں بستےہیں،عوام نے3 بار ان پر بھرپور اعتماد کا اظہارکرکےانہیں وزیراعظم منتخب کیا۔