غزہ: صیہونی فورسزکی فائرنگ سےمزید 4 فلسطینی شہید
غزہ:(ملت آن لائن) ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے پر کشیدگی کی آگ مسلسل بڑھنے لگی، صیہونی فورسز کی فائرنگ سے مزید 4 فلسطینی شہید جبکہ 160 افراد زخمی ہو گئے۔ اسماعیل ہانیہ نے بیت المقدس کی جانب مارچ کرنے کا اعلان کر دیا۔ اسرائیلی فوجیوں کی غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے پر فلسطینیوں پر فائرنگ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے کے خلاف دنیا کے مختلف ملکوں میں احتجاج کیا گیا۔ ترکی کے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، جن میں اسرائیل اور امریکا مخالف نعرے لگائے گئے، اناطولیہ کے شہر کونیا میں ریلی کے شرکا سے صدر طیب اردوان نے ٹیلی کانفرنس کے ذریعے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا ترکی اقوام متحدہ میں اسرائیل اور امریکا گٹھ جوڑ کے خلاف قرارداد پیش کرے گا۔ جرمنی کے دارالحکومت برلن میں شہری بڑی تعدادمیں سڑکوں پر آ گئے۔ انہوں نے امریکا اور اسرائیل کےخلاف شدید احتجاج کیا۔ ادھر برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو میں بھی فلسطینیوں کی حمایت میں مارچ کیا گیا۔ مظاہرین فلسطینی پرچم تھامے اسرائیل اور امریکا کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔
خبرنامہ
غزہ: صیہونی فورسزکی فائرنگ سےمزید 4 فلسطینی شہید