خبرنامہ

فاروق ستار اور خالد مقبول صدیقی کے درمیان معاملات طے پاگئے

فاروق ستار اور خالد مقبول صدیقی کے درمیان معاملات طے پاگئے

لاہور:(ملت آن لائن)ایم کیو ایم پاکستان کے اختلافی دھڑوں کے سربراہان فاروق ستار اور خالد مقبول صدیقی کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں۔فاروق ستار اور خالد مقبول صدیقی کے درمیان سینیٹ کی نشستوں کے لیے ٹکٹ کے معاملے پر شروع ہونے والے اختلافات ختم ہو گئے ہیں اور ایم کیو ایم پاکستان کے دونوں رہنما کچھ دیر بعد مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان سینیٹ کے امیدواروں کے لیے جنرل نشست پر بیرسٹر فروغ نسیم اور کامران ٹیسوری، ٹیکنو کریٹ کی نشست کے لیے عبدالقادرخانزادہ، خواتین کی نشست کے لیے نگہت شکیل اور اقلیتی نشست کے لیے سنجے پروانی کےناموں پراتفاق ہو گیا ہے جس کا اعلان دونوں رہنما مشترکہ طور پر کریں گے۔ فاروق ستار اور خالد مقبول صدیقی کے درمیان ایم کیو ایم پاکستان کی کنوینئرشپ کے معاملات بھی طے پا گئے ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ ماہ سینیٹ انتخابات کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار اور رابطہ کمیٹی کے درمیان اختلافات پید ا ہو گئے تھے۔ ان اختلافات کے باعث پہلے فاروق ستار نے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کو معطل کیا جب کہ رابطہ کمیٹی نے بھی فاروق ستار کو کنوینر شپ سے ہٹا کر خالد مقبول صدیقی کو نیا پارٹی کنوینر نامزد کردیا۔ اس دوران ایم کیو ایم کے دونوں دھڑوں نے سینیٹ کے لیے اپنے علیحدہ علیحدہ امیدواروں کا اعلان بھی کیا اور فاروق ستار نے پی آئی بی میں پارٹی الیکشن کروا کر خود کو پارٹی چیئرمین منتخب کروا لیا۔