فاٹا آزاد علاقہ ہے، قومی اسمبلی میں ہنگامہ
اسلام آباد:(ملت آن لائن) حکومتی اتحادی محمود خان اچکزئی نے فاٹا کو آزاد علاقہ قرار دے دیا۔ محمود اچکزئی کے بیان پر قومی اسمبلی میں شدید ہنگامہ برپا ہوگیا۔ اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومتی اتحادی محمود خان اچکزئی نے کہا کہ فاٹا آزاد علاقہ ہے، پاکستان کا حصہ نہیں۔ اچکزئی کے اس بیان پر قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی۔ اپنے ریمارکس میں اچکزئی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کا فاٹا پر کوئی حق نہیں، فاٹا کو چھیڑا تو فوج وہاں پھنس جائے گی۔ محمود خان اچکزئی کے ریمارکس پر رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے کہا کہ جسے کابل پسند ہے وہ اس پارلیمنٹ میں کیا کر رہا ہے؟ بعد ازاں فاٹا کے معاملے پر اپوزیشن پیپلز پارٹی نے تیسرے روز بھی اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ فاٹا کےعوام پہلے قانون اور آئین مانگ رہے ہیں۔ جب تک فاٹا کے عوام کو حق نہیں دیا جاتا، ایوان میں نہیں بیٹھیں گے۔ خورشید شاہ نے مزید کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو آنکھیں کھول کر کام کرنا ہوگا۔ پارلیمنٹ کو ربر اسٹیمپ بنانے کی کوشش کی گئی، ہم پارلیمنٹ کو کسی کی جاگیر نہیں بننے دیں گے۔
خبرنامہ
فاٹا آزاد علاقہ ہے، قومی اسمبلی میں ہنگامہ