متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے صدر مولانا فضل الرحمان نے مولانا اسعد محمود کو ڈپٹی اسپیکر کیلئے اپوزیشن جماعتوں کا امیدوار نامزد کردیا ہے۔
اسلام آباد میں ایم ایم اے قیادت کا اجلاس مولانا فضل الرحماٰن کی زیرصدارت ہوا ،جس میں اسعد محمود کو ڈپٹی اسپیکر کے لئے بطور امیدوار نامزد کیا گیا۔ مولانا اویس نورانی نے میڈیا کو بتایا کہ قومی اسمبلی ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کےلئے ایم ایم اے کے مولانا اسعد محمود اپوزیشن کے متفقہ امیدوار ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے ہر امیدوار کے مقابلے میں اپوزیشن کا امیدوار لایا جائے گا ،حزب اختلاف کی طرف سے وزیراعظم کا امیدوارن لیگ ،اسپیکر کا امیدوارپی پی اورڈپٹی اسپیکر کا امیدوارایم ایم اے سے ہوگا۔
حزب اختلاف کی تینوں بڑی جماعتوں کی طرف سے نام سامنے آچکے ہیں،ن لیگ نے وزیراعظم کے لئے شہبازشریف ،پیپلز پارٹی نے اسپیکر کے لئے خورشید شاہ اور ایم ایم اے نے مولانا اسعد محمود کے نام پیش کردئیے ہیں۔