فوجی آپریشن امداد کیلئے 90 ارب روپے مختص
اسلام آباد: (ملت آن لائن+اے پی پی)وفاقی حکومت نے فوجی آپریشن والے علاقوں میں نقل مکانی کرنے والے افراد کی بحالی اور امداد کیلئے 90 ارب روپے مختص کئے ہیں۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ فوجی آپریشن والے علاقوں میں سے لاکھوں لوگوں کو نقل مکانی کرنا پڑی، ہم ان کی قربانیوں کو یاد رکھیں گے، حکومت اس بات کی یقین دہانی کرانا چاہتی ہے کہ ضرورت کی اس گھڑی میں ان کی بحالی اور تعمیرنو کیلئے حکومت ہرممکن کوشش کرے گی۔ بجٹ 2018-19ء میں اس مقصد کیلئے 90 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔
آئندہ مالی سال کے بجٹ میں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کیلئے 44.7 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز
اسلام آباد ۔ 27 اپریل (اے پی پی) وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کیلئے 44.7 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز پیش کی ہے جبکہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی سہولت کیلئے لیپہ ٹنل کی تعمیر کے خصوصی منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ فاٹا کیلئے 24.5 ارب روپے تجویز کئے گئے ہیں۔ فاٹا کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے 100 ارب روپے کی لاگت سے خصوصی ترقیاتی پروگرام دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت سال 2018-19 میں 10 ارب روپے فراہم کئے جائیں گے۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں، افسروں اور شہریوں کو سلام پیش کیا ہے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اﷲ کا شکر ہے کہ آج پاکستان گزشتہ 15 سالوں کی نسبت زیادہ پرامن ہے، ہمارے فوجی اور نیم فوجی اداروں نے ملک کیلئے دلیری سے لڑتے ہوئے جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں۔ آپریشن ضربِ عضب کے ذریعے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے آخری ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے گئے ہیں۔ میں ان جوانوں، افسروں اور شہریوں کو سلام پیش کرنا چاہوں گا جنہوں نے ہمارے آج اور ہمارے بچوں کے کل کیلئے اپنی جانوں کی قربانی دی۔