اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) قومی اسمبلی میں مردان یونیورسٹی میں مشال خان کے قتل کیخلاف مذمتی قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ۔قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان مشال خان کے قتل کی مزمت کرتا ہے ،وفاقی و صوبائی حکومت قتل میں ملوث افراد اور سہولت کاررواں کیخلاف قانون کے مطابق سخت سے سخت کارروائی کرے،وفاقی اور صوبائی حکومتیں توہین رسالت کے قانون کے غلط استعمال اورنفرت انگیز تقاریر کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اٹھائیں۔منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر دفاعی پیداوار راناتنویر حسین نے مردان یونیورسٹی میں طالب علم مشال خان کے قتل کی مذمتی قرار داد پیش کی ،قرار داد پر تمام جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کے دستظ موجود ہیں ۔قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان مردان یونیورسٹی میں طالب علم مشال خان کے وحشیانہ قتل کی مذمت کرتا ہے ،ایوان وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ مشال خان کے قتل میں ملوث افراد اور سہولت کارروں کیخلاف قانون کے مطابق سخت سے سخت کارروائی کریں ،قرار داد میں وفاقی و صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ توہین رسالت کے قانون کے غلط استعمال اورنفرت انگیز تقاریر کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اٹھائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات رونما نہ ہوں ۔سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے قرار داد کو رائے شماری کے بعد متفقہ طور پر منظور کر لیا.
خبرنامہ
قومی اسمبلی: مشال قتل کیخلاف مذمتی قرار داد منظور
