اسلام آباد(ملت +آئی این پی)قومی اسمبلی میں 6فروری پیر کو مسئلہ کشمیر پر بحث کروائی جائے گی،مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کی مشترکہ قرارداد پیش ہوگی۔قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کو شام چار بجے ہوگا،اسپیکر سردار ایاز صادق اجلاس کی صدارت کریں گے۔ذرائع کے مطابق چھ فروری کو قومی اسمبلی میں مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پرامن ذرائع سے حل کی قرارداد پیش کی جائے گی،مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر ایوان تشویش کااظہار کرے گا۔مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں قتل وغارت گری کے حالیہ سنگین واقعات کے تناظر میں اقوا م متحدہ سے خصوصی مشن مقبوضہ کشمیر بھجوانے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق قرارداد کے مسودے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے،قرارداد سے قبل مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے تناظر میں تنازعہ کشمیر پر ایوان میں بحث ہوگی،بحث کی تکمیل کے موقع پروزیراعظم کے مشیر امورخارجہ سرتاج عزیز اور وزیر امور کشمیر گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر اہم بیانات دیں گے بعدازاں چیئرمین خصوصی پارلیمانی کشمیر کمیٹی مولانافضل الرحمان مظلوم کشمیری عوام،حریت قائدین سے اظہار یکجہتی کی قرارداد پیش کریں گے
خبرنامہ
قومی اسمبلی میں 6فروری کو مسئلہ کشمیر پر بحث کروائی جائے گی
