خبرنامہ

قوم پر قرضے بڑھ رہے ہیں اور حکمران معاہدے خفیہ رکھ رہے ہیں، عمران خان

قوم پر قرضے بڑھ رہے ہیں اور حکمران معاہدے خفیہ رکھ رہے ہیں، عمران خان

حیدرآباد:(ملت آن لائن) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ جتنی غربت سندھ میں ہے اتنی پورے ملک میں نہیں اب سندھ میں “کیوں نکالا”شروع کریں گے۔ حیدرآباد میں پریس کانفرنس کے دوران عمران خان نے کہا کہ سندھ میں لوگوں پر ظلم ہو رہا ہے، آصف زرداری، ان کی بہن اور وزیر یہاں کے عوام پر ظلم کر رہے ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ قوم پر قرضے بڑھ رہے ہیں اور حکمران معاہدے خفیہ رکھ رہے ہیں، ملک میں قانون مجرموں کے لئے بنائے جاتے ہیں اور دنیا بھر میں کہیں ایسے قانون پاس نہیں ہوتے جیسے یہاں ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ کی وجہ سے قرضے بڑھتے جارہے ہیں اور منی لانڈرنگ میں آصف زرداری، نوازشریف اور خواجہ آصف سب شامل ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ سارے پنجاب کا بجٹ صرف ایک آدمی شہباز شریف خرچ کرتا ہے، سندھ میں ایسی لوٹ مار ہے کہ اس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی دونوں صوبوں میں نیب سے ڈرتے ہیں، ہم نیب کو خیبرپختونخوا میں دعوت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو سونامی بلین ٹری منصوبے سمیت ہیلی کاپٹر ایشو پر تحقیقات کی دعوت دیتا ہوں، ایک ایک اثاثہ کی چھان بین کرائی اور سپریم کورٹ نے صادق اور امین قرار دیا۔ چیئرمین تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کے لوگ پیپلز پارٹی سے جان چھڑانے کے لئے فیصلہ کرچکے ہیں، اب بھٹو زندہ ہے کے نعرے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔