لندن میں حسین نواز کے گھر کے باہر مشتعل افراد نے مظاہرہ کیا، جب کہ نواز شریف کے فلیٹ میں داخل ہوتے وقت مظاہرین نے دروازہ توڑنے کی کوشش۔ پولیس نے تلاشی کے بعد مظاہرین کو منتشر کردیا۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا ہے کہ فوٹیج سے مظاہرین کی شناخت ہوگئی ہے۔
دوسری جانب لیگی کارکنان نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایون فیلڈ فلیٹس کے باہر احتجاج اور مظاہرہ کرنے والوں کے پاس چاقو تھے۔ مقامی ن لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مظاہرین نے ن لیگ کے مقامی رہنما پر ٹرالی بھی پھینکی اور حسین نواز کے فلیٹ کا دروازہ توڑنے کی کوشش بھی کی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی اور مظاہرین کی گاڑیوں کی تلاشی شروع کردی۔ برطانوی پولیس کے مطابق مظاہرین کے پاس اسلحہ ہونے کی بھی اطلاعات ہیں جس کی تفتیش جاری ہے۔
میٹرو پولیٹن پولیس کے مطابق کسی کی نجی ملکیت کو نقصان پہنچانے کے خلاف کارروائی ہوگی، تاہم فوری طور پر کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔