لودھراں: عاصمہ زیادتی و قتل کیس کا ملزم گرفتار
لودھراں میں اغوا کے بعد زیادتی اور قتل کا نشانہ بننے والی ننھی پری 6 سالہ عاصمہ کا قاتل اس کا قریبی رشتے دارنکلا، پولیس کی جانب سے گرفتاری کے بعد ملزم نے اعتراف جرم بھی کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ عاصمہ کے چچا زاد بھائی 18 سالہ حیدر نے گرفتاری کے بعد اعتراف جرم کر تے ہوئے بتایا کہ اس نےاغوا کے بعد عاصمہ کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور قتل کیا جبکہ اس کی لاش جوہڑ میں پھینک دی ۔
واضح رہے کہ لودھراں کے علاقے دنیا پور کی رہائشی عاصمہ 19 فروری کی شام لاپتہ ہوئی تھی اور جمعہ کے دن گھر کے قریب گندے پانی کے جوہڑ سے اس کی لاش ملی تھی ۔ڈی پی او کی جانب سے جاری کی جانے والی ابتدائی رپورٹ میں بچی کے ساتھ زیادتی کے شواہد ملے تھے۔
ڈی پی او امیر تیمور نے بتایا تھا کہ انہوں نے زیادتی و قتل کے شبہ میں کچھ افراد کو تفتیش کیلئے حراست میں بھی لیا گیا ہے۔