خبرنامہ

مدارس کی خدمات کو نظراندازکرکے دہشت گردی سے جوڑنا ناانصافی ہے، وزیراعظم

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مدرسوں کی خدمات نظرانداز کرکے دہشت گردی سے منسوب کرنا ناانصافی ہے، نصاب تعلیم کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے اسلام آباد میں ملاقات کیلئے آنے والے علمائے کرام کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں دینی مدارس کے کردار، خدمات اور متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہرشعبے میں صلاحیتوں کے مطابق آگے بڑھنا مدرسے کے طلبا کا حق ہے تعلیم میں اصلاحات کا بنیادی مقصد مدرسے کے بچے کو اوپرلانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کی خدمات کو نظرانداز کرکے انہیں دہشت گردی سے منسوب کرنا سراسرناانصافی ہے، مدارس کو درپیش تمام مسائل علمائے کرام سے باہمی مشاورت کے ذریعے حل کریں گے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ نصاب تعلیم کی بہتری پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیح ہے، ملک میں3مختلف نظام تعلیم کی موجودگی قوم کی تقسیم کاباعث ہے، ایک قوم کی تعمیر کیلئے نظام اور نصاب تعلیم میں یکسانیت ضروری ہے۔

اس موقع پر علماء کرام نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت کے مثبت اقدامات کی بھرپور حمایت کریں گے۔