خبرنامہ

مسلم لیگ (ق) کا اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (قائداعظم) نے اسلام آباد کے 3 انتخابی حلقوں میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حمایت کا اعلان کردیا۔

مسلم لیگ (ق) کے رہنما رضوان صادق نے نیشنل پریس کلب میں پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔

رضوان صادق نے کہا کہ مذکورہ حلقوں میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کی بھرپور حمایت کرے گی اور زیادہ سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

پریس کانفرنس دوران اسد عمر نے مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری شجاعت حسین کی جانب سے پی ٹی آئی کے لیے اعتماد کا اظہار کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پی ٹی آئی حکومت بنانے کی بھرپور کوشش کرے گی اور اقتدار میں آنے کے بعد وفاقی شہر کو 10 ملین گیلن پانی یومیہ دینے پر کام کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ناصرف پانی بلکہ تعلیمی اداروں کو تمام بنیادی ضروریات فراہم کی جائیں گی، ہم بتائیں گے کہ مسائل کیسے حل ہوتے ہیں‘۔

تاجر رہنما اجمل بلوچ نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ملک کے سچے لیڈر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے تاجر براردی کے مسائل حل کرنے کے لیے جو وعدے کیے اقتدار میں آنے کے بعد سارے وعدے خام خیال ہی رہے۔

اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ اسد عمر نے واضح کیا کہ گزشتہ حکومت نے اپنے فرائض کی ادائیگی میں مجرمانہ غفلت برتی اور اسلام آباد میں پانی کا شدید بحران پیدا ہوا۔

اسد عمر نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’اسلام آباد کے شہریوں کو بتائیں کہ پانی، تعلیم اور صحت کے مسائل حل کرنے کے لیے کیا کیا اقدامات اٹھائے گئے؟‘

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے نواحی علاقوں میں جدید خطوط پر استوار ہسپتال قائم کیے جائیں گے اور پمز ہسپتال کی توسیع کا بھی یقین دلایا۔

اس حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں سولڈ ویسٹ مینجمنٹ پر خصوصی توجہ دی جائے اور دیہی علاقوں میں قبرستان سے جڑے مسائل پر بھی قابو پایا جائے گا۔

نگراں حکومت کی جانب سے پیڑول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے متعلق سوال انہوں نے کہا کہ مذکورہ اضافہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی اقتصادی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی زخائز کی تنزلی سے ملکی قرضے میں اضافہ اور روپے کی قدر میں غیر معمولی کمی ہوئی۔