خبرنامہ

معاملات طے نہ ہو سکے، وفاقی کابینہ کی تقریب حلف برداری ملتوی

مری(ملت آن لائن)وفاقی کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے معاملات طے نہ ہونے پر آج ہونے والی کابینہ کی تقریب حلف برداری ملتوی کردی گئی۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کا اجلاس گورنر ہاؤس مری میں ہوا جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار، چوہدری نثار، احسن اقبال، پرویز رشید، مہتاب عباسی، حمزہ شہباز اور دیگر پارٹی رہنما شریک ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف کی مشاورت پر مضبوط کابینہ بنائے جانے کا امکان ہے جس میں بیشتر وزرا پچھلی کابینہ سے ہی لئے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار کا شاہد خاقان عباسی کی کابینہ میں شامل ہونے کا امکان نہیں تاہم شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کی صورت میں چوہدری نثار کا وزارت خارجہ کا قلمدان سنبھالنے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عبدالقادر بلوچ کو وزارت داخلہ کے لئے فیورٹ قرار دیا جارہا ہے جب کہ مشیر اور معاون خصوصی میں کئی دوبارہ قلمدان سنبھالیں گے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ خرم دستگیر، رانا تنویر، خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، مریم اورنگزیب اور دیگر کو کابینہ میں شامل کئے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کے اجلاس میں کابینہ کی تشکیل کے معاملات طے نہ ہونے کے باعث آج ہونے والی تقریب حلف برداری ملتوی کردی گئی جس سے ایوان صدر کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارتوں کے قلمدان سونپے جانے کا معاملہ نوازشریف پر چھوڑا گیا تھا تاہم بہت سے سینئر رہنماؤں کی جانب سے مخصوص قلمدان لینے کا مطالبہ کیا گیا جس پر معاملات طے نہ ہو سکے۔

ذرائع کاکہنا ہےکہ وزارت خارجہ، خزانہ، دفاع، داخلہ اور تجارت کے قلمدانوں کی تقسیم کے حوالے سے معاملات طے نہیں ہوسکے ہیں جس پر مزید مشاورت جاری ہے جو مکمل ہونے کے بعد ہی کل تقریب حلف برداری کا اعلان کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق نومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی نئی کابینہ کے حوالے سے اپنے مشورے سے لیگی قیادت کو آگاہ کردیا ہے۔

پارٹی کے مشاورتی اجلاس سے قبل وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے میاں نوازشریف سے بھی ملاقات کی جس میں نوازشریف نے انہیں وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے 28 جولائی کو پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیا تھا جس کے بعد مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نامزد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گزشتہ روز وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا ہے۔