معیشت بہتراور شرح نمو 6 فیصد تک پہنچ چکی: مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل
کراچی:(ملت آن لائن) مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہےکہ معیشت بہتر ہورہی ہے اور شرح نمو 6 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ کراچی میں ورلڈ اسلامک فنانس فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت نے صنعتوں اور چھوٹے کاروبارکے فروغ کے لیے اقدامات کیے ہیں، مختلف شعبوں میں اسلامک بینکنگ کوفروغ دیاجارہا ہے اور مقامی صنعتوں کو بھی اسلامک فنانس کی طرف لارہے ہیں۔
پاکستانی معیشت پر آئی ایم ایف کے خدشات درست ہیں، مفتاح اسماعیل
مشیر خزانہ نے کہا کہ معیشت بہتر ہورہی ہے اور شرح نمو 6 فیصد تک پہنچ چکی ہے، ٹیکسوں کی شرح کم کرکے دائرہ کارکووسیع کیا گیا ہے، ٹیکس نظام کوعوام دوست بنایا گیا ہے۔ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ موجودہ دور حکومت میں محصولات کی شرح وصولی میں نمایاں بہتری آئی، ملک کی بہترصورت حال کی وجہ سے معاشی اہداف حاصل کرنا مشکل نہیں رہا۔ مشیر خزانہ نے مزید کہا کہ صنعتوں کومکمل طور پر گیس اور بجلی فراہم کی جارہی ہے، موجودہ دور میں 10 سے 12 ہزار میگاواٹ بجلی نظام میں شامل کی گئی۔ ان کا کہا تھا کہ امن امان کی صورت حال کا معیشت سے گہرا تعلق ہے، کراچی سمیت پورے ملک میں امن امان بحال ہوچکا اور امن کی وجہ سے کراچی میں تجارتی سرگرمیاں بحال ہوچکی ہیں۔