ملک میں نئی حلقہ بندیوں کا فارمولا تیار: ایازصادق
اسلام آباد: (ملت آن لائن) تمام پارلیمانی رہنماؤں نے نئی مردم شماری کی بنیاد پر قومی اسمبلی کی موجودہ نشستیں برقرار رکھتے ہوئے حلقہ بندیوں کے مسودہ قانون کی منظوری دے دی۔ بل جمعرات کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ سپیکر ایاز صادق کی زیرصدارت پارلیمانی رہنماوں کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جس میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ، شاہ محمود قریشی، محمود خان اچکزئی، آفتاب شیرپاؤ، اکرم درانی اور دیگر پارلیمانی رہنماؤں نے شرکت کی۔ وزیرقانون زاہد حامد اور سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں پارلیمانی رہنماؤں نے نئی حلقہ بندیوں سے متعلق مسودہ قانون کی متفقہ منظوری دے دی۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سپیکر ایاز صادق نے بتایا کہ پارلیمانی رہنماؤں کی منظوری کے بعد بل جمعرات کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ نئی حلقہ بندیوں کے تحت قومی اسمبلی کی 272 جنرل اور خواتین کی 60 مخصوص نشسیں برقرار رکھی جائیں گی تاہم صوبوں کے درمیان ان کی تقسیم میں ردوبدل ہوگا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے بتایا کہ ملک میں نئی حلقہ بندیوں کا فارمولا تیار کر لیا، نئے بل پر تمام جماعتیں متفق ہیں، اب 7 لاکھ 80 ہزار کی آبادی پر قومی اسمبلی کا ایک حلقہ بنایا جائے گا۔
اس کے تحت پنجاب سے قومی اسمبلی کی جنرل نشسیں 148 سے کم ہو کر 141 اور خواتین کی مخصوص نشسیں 35 سے کم ہو کر 33 ہوجائیں گی۔ خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی جنرل نشسیں 35 سے بڑھا کر 39 اور خواتین کی نشسیں 8 سے بڑھا کر 9 کی جا رہی ہیں۔ اسی طرح بلوچستان کی جنرل نشستوں کی تعداد 14 سے بڑھ کر 16 اور خواتین کی مخصوص نشتیں 3 سے بڑھ کر 4 ہوجائیں گی۔ اسلام آباد کی بھی جنرل نشستیں 2 سے بڑھا کر 3 کی جارہی ہیں۔ سندھ اور فاٹا کی نشتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوگا۔ سندھ کی 61 جنرل اور 14 مخصوص جبکہ فاٹا کی 12 جنرل نشستیں برقرار ر ہیں گی۔
خبرنامہ
ملک میں نئی حلقہ بندیوں کا فارمولا تیار: ایازصادق