خبرنامہ

ملی یکجہتی کونسل کا دہشت گردوں کے خلاف ردالفساد آپریشن کی حمایت کا باضابطہ اعلان

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) ملی یکجہتی کونسل نے دہشت گردوں کے خلاف ردالفساد آپریشن کی حمایت کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فساد کی وجہ بننے والی پالیسوں پر نظرثانی کی جائے مسجد اور مدرسہ کو نشانہ بنانے والوں کو جواب دہ بنایا جائے‘ فوجی عدالتوں کے فیصلوں کے خلاف اپیل کا حق دیا جائے‘ کونسل نے سعودی عرب اور ایران میں کشیدگی کم کرانے کے لئے دونوں ممالک کے سفارت خانوں میں پاکستان کے جید علماء و مشائخ کے وفود کے دوروں اور ان ممالک کے سفیروں سے ملاقات کا اعلان کردیا ہے۔ سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں مقدمے کی سماعت کے موقع پر ملی یکجہتی کونسل میں شامل تمام جماعتوں کے کارکنوں کو عدالت کے سامنے پہنچنے کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ عدالت کے ساتھ بھر پور یکجہتی کا اظہار کیا جاسکے ۔ جبکہ اپریل میں اتحاد امت اور سہیون شریف میں علماء مشائخ کانفرنسوں کے انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ اعلانات جمعرات کو کونسل کے اجلاس کے آخر میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق‘ کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کئے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پوری قوم کو توقع ہے کہ پانامہ کیس میں کرپشن کو شکست ہوگی یہ فیصلہ بدعنوانی کے نظام کے خلاف آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نظریاتی اور مالی دہشت گردی ہے عالم اسلام پر جنگ مسلط کی گئی ہے حکمران اس قابل نہیں رہے ہیں کہ ملک کا دفاع کرسکیں۔ 1965 اور 1971کی جنگوں سے زیادہ لوگ بدامنی میں مارے گئے ہیں اور 65ہزار سے زائد شہداء کے خاندانوں کی کفالت کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ حکومت اربوں روپے اپنی سکیورٹی پر لگا رہی ہے۔ حکمران ناکام ہوچکے ہیں مزارات‘ مساجد‘ مدارس کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے ایک طرف دہشت گردی ان مقدس مقامات کو نشانہ بناتے ہیں دوسری طرف حکومت کی کاروائیاں بھی مسجد اور مدارس کے خلاف ہوتی ہیں۔ حکومت نے سکیورٹی کے معاملے پر ہینڈز اپ کرلیا ہے ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے عوام کا شیرازہ نہی بکھرنے دے گی اور اس کومتحد رکھے گی جب تک پاکستان میں نظام مصطفی نافذ نہیں ہوگا نظریاتی و مذہبی دہشت گردی کی جنگ کو مسلط رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مالی دہشت گردی کی وجہ سے پانامہ جیسے سکینڈل سامنے آتے ہیں واضح کردینا چاہتے ہیں کہ ناموس رسالت کے تحفظ کے قانون میں ذرا برابر بھی ردوبدل تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور گستاخانہ مواد کے حوالے سے آئندہ کیس کی سماعت کے موقع پر دینی جماعتوں کے کارکنان ان سے اظہار یکجہتی کے لئے عدالت کے باہر موجود ہوں گے۔ ہم جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی پشت پر ہیں انہوں نے کہا کہ توہین کے ذمہ داران کو سزا دینا ہوگی۔ جب وزیراعظم کی شان میں کوئی غلط بات کرے تو اس کے دفاع کے لئے سارے وزراء کمر بستہ ہوجاتے ہیں سوشل میڈیا پر ہونے والی توہین کا نوٹس کیوں نہیں لیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ سود کے نظام کے خاتمے کے لئے حکومت تاخیری حربے استعمال نہ کرے اور اپیل کو واپس لے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاک افغان کشیدگی سے بھارت اور اسرائیل فائدہ اٹھا رہے ہیں افغانستان کو پاکستان کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ اگر پاک افغان سرحد پر آگ بھڑکی تو اس سے دونوں ممالک کے عوام متاثر ہونگے۔ سعودی عرب اور ایران میں کشیدگی ختم کرانے کے لئے انہوں نے دونوں ممالک کے سفارت خانوں کے دوروں کا اعلان کیا۔ حافظ سعید کی نظر بندی کو بھارتی دباؤ کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل نے اسے مسترد کردیا ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ پانامہ کیس کے فیصلے سے کرپشن کو شکست ہوگی بدعنوانوں اور بدعنوانی کے نظام کے خلاف فیصلہ آئے گا پوری قوم کی نظریں عدالت پر ہیں۔ ملی یکجہتی کونسل کے سربراہی اجلاس کے مشترکہ اعلامیہ کے ذریعے پاکستان کی آزاد و خودمختار خارجہ پالیسی‘ دہشت گردی و انتہا پسندی کے خلاف پارلیمنٹ کے رہنما اصولوں پر عمل درآمد اور متفقہ قومی کشمیر پالیسی وضع کرنے کے مطالبات بھی کئے گئے ہیں۔ (ن غ/ ا ع)