خبرنامہ

مون سون کی بارشیں اور مٹی کا طوفان,مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق

سندھ اور پنجاب کے مختلف شہروں میں مون سون بارشوں نے اپنا رنگ جما دیا، تاہم لاہور اور لاڑکانہ میں مختلف حادثات میں چھ افراد جاں بحق اور پینسٹھ زخمی ہوگئے۔ لاہور میں بارشیں شروع ہونے کے بعد 300 فیڈر ٹرپ کرگئے۔ متاثرہ علاقوں میں کئی کئی گھنٹوں تک بجلی غائب رہی۔ کراچی میں جمعرات سے جمعہ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

حادثات:
لاڑکانہ میں مٹی کے طوفان اور بارش سے مختلف حادثات میں چار افراد جاں بحق اور ساٹھ زخمی ہوگئے۔ شدید زخمیوں کو چانڈ کا میڈیکل اور دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ عملے کی کمی کے باعث زخمیوں کے علاج معالجے میں مشکلات کا سامنا رہا۔ دوسری جانب لاہور میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرگئی، جس سے چھ سالہ بچہ جاں بحق، جب کہ اس کی ماں، دادا اور دادی شدید زخمی ہوگئے۔ ماڈل ٹاؤن میں بھی مکان کی چھت گرنے سے کمسن بچی افیفہ جاں بحق ہوگئی۔ دیگر حادثات میں دو افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر میں جمعرات سے جمعہ تک بارش ہونے کی نوید سنا دی۔ لاہور، راول پنڈی، پاکپتان سمیت شہروں میں مون سون بارشوں نے رنگ جما دیا، جب کہ سندھ کے کئی علاقے مٹی کے طوفان کی زد میں رہے۔ لاہور میں بارش سے 150 سےزائد فیڈرز ٹرپ ہوگئے، جب کہ دیگر شہروں میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں رات کو ہونے والی موسلا دھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا، بارش کے باعث لیسکو کے 150 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔ لاہور میں دن بھر گرمی کے بعد شام کے وقت آسمان پر بادل چھاگئے اور پھر رات کو شہر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہونے سے لوگ سکون میں آگئے۔

مال روڈ، انار کلی، کینٹ، دھرم پور ہ، مزنگ، ٹیمپل روڈ، کاہنہ کاچھا سمیت شہر کے متعدد علاقوں میں تیز بارش ہوئی۔ بارش کے باعث لکشمی چوک میں پانی جمع ہوگیا جبکہ سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ بارہ گھنٹے میں مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہونے سے کئی علاقوں سے بجلی غائب ہوگئی۔ بارش کے باعث لیسکو کے ڈیڑھ سو سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔ لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بارش رکنے پر پر فیڈرز کی بحالی کا کام شروع کردیا جائے گا۔

لاہور، راولپنڈی کے علاوہ بولان، قمبر، جعفر آباد، شکار پور، دینہ، رحیم یار خان، سکھر اور گردونواح میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ کنڈیارو شہر اور گردونواح میں مٹی کا تیز طوفان آنے سے دکانوں کے باہر لگے سائن بورڈ گرگئے۔ خیرپور اور گردونواح میں بھی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

ادھر لاڑکانہ اور گردونواح میں مٹی کا طوفان اور بارش آندھی کے بعد دیواریں، مکان کی چھت اور درخت گرنے کے واقعات پیش آٓئے۔