خبرنامہ

مہمند ایجنسی: سرحد پار سے دہشت گردوں کا پر حملہ، 5 فوجی شہید

اسلام آباد (ملت + اے پی پی) مہمند ایجنسی میں سرحد پار سے دہشت گردوں کے پاک فوج کی تین چیک پوسٹوں پر حملے کے نتیجہ میں 5 فوجی شہید ہوگئے، جوابی کارروائی میں 10دہشت گرد مارے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق گزشتہ رات مہمند ایجنسی کے علاقے میں سر حد پار سے پاکستان کی تین چیک پوسٹوں کو دہشتگردوں نے نشانہ بنایا جسے پاک فوج کے جوانوں نے ناکام بنا تے ہوئے انہیں پیچھے دھکیل دیا،فائرنگ کے تبادلے میں 5 فوجی اہلکار شہید اور 10 دہشت گرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں نائیک ثنا اللہ، نائیک صفدر، سپاہی الطاف، سپاہی نیک محمد اور سپاہی انورشامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی بروقت جوابی کارروائی کو سراہا ہے۔انہوں نے افغان سرحدی علاقے میں افغان سیکیورتی فورسز کی موجودگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد ایک مشترکہ خطرہ ہیں اور انہیں پاک افغان سرحدی علاقے میں آزادانہ نقل و حرکت اور کارروائیوں کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ آرمی چیف نے پاک فوج کے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے بہادر سپوتوں نے مادر وطن کے لئے جانیں قربان کیں۔