خبرنامہ

میڈیا اور اپوزیشن کے بغیر آگے بڑھنا ممکن نہیں،فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری نے یوم دفاع کے دن اپنے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئی کہا کہ میڈیا اور اپوزیشن کے بغیر آگے بڑھنا ممکن نہیں۔

اسلام آباد میں سی پی این ای کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری نے کہا کہ ہم نے آتے ہی اپنے منشور پر کام شروع کرتے ہوئے سرکاری ٹی وی سے سینسرشپ ختم کردی ہے جبکہ آتے ہی پورے ملک میں 15 لاکھ درخت بھی لگائے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈالنا ہمارا منشور ہے اور اس پر ہم عمل کرینگے۔ میڈیا کو اس حوالے سے حکومت کا ساتھ دینا ہے کیونکہ ملک اوپر جائے گا تو ہم سب اوپر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں 28 ہزار کروڑ کے قرضے ورثے میں ملے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک امیر ہوگا تو میڈیا کو بھی فنڈز دیئے جاسکیں گے، ٹیکنالوجی میں ترقی کی وجہ سے میڈیا میں بھی تیزی سے تبدیلیاں رونما ہونگی، نئے سیٹلائٹ نظام سے میڈیا میں انقلاب آرہا ہے، مستقبل میں آپ کو جدت کی طرف جانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا کا ایک دوسرے پر انحصار ہے اور میڈیا کے حوالے سے کوئی قانون سازی صحافتی تنظیموں کی مشاورت کے بغیر نہیں ہوگی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مستقبل کے جدید دورمیں سنسرشپ حکومت کے ہاتھ میں نہیں رہے گی۔ ریگولیٹری ادارے بنانے کا مقصد سنسرشپ ہر گز نہیں، میڈیا کی آزادی ریاست کےلئے انتہائی اہم ہے اور بحیثیت ریاست ہم تیسری دنیا کے ممالک سے بہت آگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اطلاعات تک صحافیوں کی رسائی یقینی بنانا میری ذمہ داری ہے، جہاں معلومات چھپائی جا رہی ہوں اس کا مطلب ہے وہاں گڑبڑ ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ سرکاری اشتہارات کی تقسیم کےلئے فارمولا وضع کیا جائیگا، اشتہارات کی تقسیم کا فارمولا بھی صحافتی تنظیموں نے بنا کر دینا ہے۔ ماضی میں زیادہ اشتہارات دیئے گئے، اب درمیانی راستہ نکالا جائیگا۔ پی آئی ڈی کو آزاد ادارہ بنانے کےلئے تجاویز دی جائیں۔