نئے پاکستان کی بات کرنے والے کو نہیں پتا کہ ملک کیسے بنتا ہے، آصف زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ نئے پاکستان کی بات کرنے والے کو نہیں پتا کہ ملک کیسے بنتا ہے اور معیشت کو کس طرح آگے چلانا ہے۔
کنری میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں ملک بھر سے کلین سوئپ کرے گی، جعلی خان ہو یا میاں صاحب کوئی ملک کو مشکلات سے نہیں نکال سکتا۔
انہوں نے کہا کہ میاں صاحب نے ہی ملک کو مشکلات سے دوچار کیا اور اب جعلی خان ہو یا میاں صاحب، کوئی ملک کو مشکلات سے نہیں نکال سکتا لیکن پیپلز پارٹی ہی ملک کو موجودہ حالات سے نکال سکتی ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی والے جب زبان دے دیں تو وہ پیچھے نہیں ہٹتے، ہر چیز آہستہ آہستہ آگے بڑھے گی اور عوام کو حق ملےگا۔
آصف زرداری نے کہا کہ تھر میں پیپلز پارٹی کی جانب سے بنائے جانے والے چھوٹے ڈیمز سے فائدہ ہوا ہے اور مستقل میں بھی اس طرح کے ڈیمز بنانے ہیں۔
آصف زرداری نے کہا کہ صرف پیپلزپارٹی کے پاس وہ وژن، نظر اور اہلیت موجود ہے جو پاکستان کو تمام مسائل سے نکال سکتی ہے، وفاقی حکومت چلانے کا تجریہ ہے اگر موقع ملا تو ان سے حکومت لے کر دکھائیں گے جب کہ جو نئے پاکستان کی بات کرتے ہیں ان کو نہیں پتا کہ پاکستان کس طرح چلانا ہے اور کس طرح معیشت کو لے کر چلنا ہے۔