خبرنامہ

نقیب قتل کیس؛ راؤ انوار عدالت آجائے گا تو بچ جائے گا، چیف جسٹس

نقیب قتل کیس

نقیب قتل کیس؛ راؤ انوار عدالت آجائے گا تو بچ جائے گا، چیف جسٹس

اسلام آباد:(ملت آن لائن) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے نقیب اللہ محسود قتل از خود نوٹس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ راؤ انوار عدالت آجائے گا تو تحفظ مل جائے گا اور بچ جائے گا۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے نقیب اللہ محسود قتل از خود نوٹس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ راؤ انوار کو ائیر پورٹ پر کس نے سہولت دی، راؤانوار کے سہولت کاروں کا پتا چلا تو ان کا احتساب بھی ہوگا، وہ عدالت آجائے گا تو تحفظ مل جائے گا اور بچ جائے گا۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے بتایا کہ راؤ انوار کو نجی ائیرلائن کے بورڈنگ پاس جاری ہوئے۔
……………………
پی ایس ایل3 ؛ پلے آف میچز کے لیے ٹریفک پلان تشکیل

لاہور:(ملت آن لائن) پی ایس ایل تھری پلے آف میچز کے لیے ٹریفک پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ پی ایس ایل 3 پلے آف مقابلے کیلئے لاہور شہر کا ٹریفک پلان مرتب کرلیا گیا ہے۔سٹی ٹریفک پولیس حکام کے مطابق کینال روڈ ، مال روڈ ، جیل روڈ ایم ایم عالم اور وحدت روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھلی رہے گی۔ قذافی اسٹیڈیم سے ملحقہ شاہراہوں کا استعمال کرنے والے راہ گیر متبادل راستے اختیار کریں۔
میچز کے دوران شہریوں اور شائقین کی رہنمائی کے لیے اضافی وارڈنز تعینات کیے جائیں گے۔شائقین کے لیے چار پارکنگ پوائنٹس مختص کیے گئے ہیں۔ ٹھوکر نیاز بیگ سے آنے والے شائقین پنجاب یونیورسٹی ہاسٹلز گراونڈ میں گاڑیاں پارک کریں گے۔کاہنہ ، کوٹ لکھپت سے آنے والی گاڑیاں لبرٹی مارکیٹ میں پارک ہوں گی، کینٹ ، گلبرگ سے آنے والے شائقین کے لیے ایل ڈی اے پارکنگ پلازہ میں جگہ مختص کی گئی ہے۔ پارکنگ پوائنٹس میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایل پی جی اور گیس سلنڈر والی گاڑیوں کا داخلہ ممنوع ہوگا۔