اسلام آباد(ملت آن لائن)سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی نااہلی کے بعد قومی اسمبلی کی ویب سائٹ سے بطور ممبر اسمبلی ان کا نام خارج کردیا گیا ہے۔
گزشتہ روز سپریم کورٹ نے پاناما کیس میں میاں نوازشریف کو نااہل قرار دیا اور الیکشن کمیشن کو فوری طور پر ان کی رکنیت ختم کرنے کا حکم دیا تھا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے میاں نوازشریف کی حلقہ این اے 120 سے رکنیت ختم کردی گئی ہے جس کے بعد اب وہ ممبر قومی اسمبلی بھی نہیں رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے رکنیت ختم کیے جانے کے بعد قومی اسمبلی کی ویب سائٹ سے بھی میاں نوازشریف کا بطور ایم این اے نام خارج کردیا گیا ہے جب کہ ساتھ ہی این اے 120 کی نشست بھی فہرست سے نکال دی گئی ہے۔
قومی اسمبلی کے ممبران کی فہرست میں نوازشریف کا حلقہ این اے 120 کے ساتھ نام درج تھا لیکن اب این اے 119 سے ان کے بھتیجے حمزہ شہباز کے بعد این اے 121 درج ہے جہاں سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما مہر اشتیاق احمد ممبر قومی اسمبلی ہیں۔
میاں نوازشریف کی اسمبلی رکنیت ختم ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نشست پر 60 روز میں ضمنی الیکشن کرانے کا پابند ہے۔
گزشتہ روز صوبائی الیکشن کمشنر نے حلقے میں ضمنی الیکشن کے لیے آر او کے نام مانگ لیے ہیں اور حلقے میں انتخاب کی تیاریاں شروع کردی ہیںَ
دوسری جانب وزارت عظمیٰ کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد کراچی ایئرپورٹ سے بھی نوازشریف کی تصویر اتار لی گئی ہے۔