اسلام آباد(ملت آن لائن)پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعظم کے استعفے کے ساتھ ملک میں قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کردیا۔ نوازشریف کے خلاف روز نئے الزامات اور تشویشناک باتیں سامنے آرہی ہیں
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کے خلاف روز نئے الزامات اور تشویشناک باتیں سامنے آرہی ہیں، وزیراعظم استعفیٰ نہیں دیتے تو انہیں انجام کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے اسلام آباد میں دفعہ 144 پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے دفعہ 144 میں توسیع کے خلاف بابر اعوان کو ذمہ داری دی ہے، اسلام آباد میں 2 ماہ کے لیے دفعہ 144 کی توسیع کی مخالفت کرتے ہیں۔
نعیم الحق کا کہنا تھا کہ پاناما کے بعد ماڈل ٹاؤن اور ڈان لیکس کی رپورٹ بھی منظر عام پر لائیں گے، ماڈل ٹاؤن واقعے میں وزیراعظم نے اپنے بھائی کو بچانے کی کوشش کی۔
اس موقع پر بابر اعوان نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ پر پرچہ ہوا، ملزم دھمکیاں دے رہے ہیں، ظفرحجازی نے مزید ٹیمپرنگ کرنے کی بھی دھمکیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں لوٹ مار کا بازار گرم کردیا گیا ہے، ابھی توصرف ایک پاناماکیس ہے جس میں کھربوں سامنے آگئے۔
بابر اعوان کا کہنا تھا کہ پوری قوم وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ کررہی ہے، ہم نیا وزیراعظم نہیں چاہتے بلکہ نئے الیکشن کا مطالبہ کرتے ہیں، وزیراعظم چاہیں جتنا روئیں ہم انہیں سیاسی شہید نہیں ہونے دیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے ایک بار پھر وزیراعظم نوازشریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے فوری استعفے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ کوئی ادارہ ایسا نہیں جو وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ نہ کررہا ہو، وکلا اور تاجروں سمیت ہر شعبے کے نمائندے استعفے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے شریف خاندان کے منشی کا کردار ادا کیا اس لیے ان کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
بابر اعوان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں شہبازشریف کا بھی وزیراعظم جیسا ہی ذکر ہے لہٰذا وہ بھی استعفیٰ دیں۔