خبرنامہ

نواز شریف حقیقت بیان کررہے ہیں تو سننے کا بھی حوصلہ رکھیں، مریم نواز

لاہور(ملت آن لائن)مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا رویہ تلخ نہیں اور اب وہ سچی بات کررہے ہیں تو سننے کا حوصلہ رکھیں۔

داتا دربار لاہور پر حاضری کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ زندگی میں اتار چڑھاؤ آتے ہیں لیکن ہمیں اللہ تعالی پر کامل یقین ہے، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے جس حال میں رکھا اچھا رکھا۔ انہوں نے کہا کہ والد کا رویہ تلخ نہیں ہے، وہ ملک کے لیے بات کرتے ہیں، نواز شریف ایک عرصہ خاموش رہے لیکن اب وہ صرف سچ کہہ رہے ہیں اور اگر وہ حقیقت بیان کر رہے ہیں تو سننے کا حوصلہ رکھیں۔

مریم نواز نے کہا کہ میری والدہ بیمار ہیں اور لندن میں زیر علاج ہیں، اللہ تعالیٰ انہیں صحت عطا کرے، نواز شریف ان کی عیادت کے لئے بدھ کے روز لندن جارہے ہیں، والدہ کی انتخابی مہم کی ذمہ داری پوری کروں گی۔

میاں نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے این اے 120 کے ضمنی انتخاب کیلئے اپنی والدہ کلثوم نواز کی مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا۔

میاں نوازشریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی این اے 120 کی نشست پر ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو ہوگا جس کے لیے مسلم لیگ (ن) نے کلثوم نواز کو امیدوار نامزد کیا ہے اور میاں نعمان کورنگ امیدوار ہیں۔

جب کہ تحریک انصاف نے ڈاکٹر یاسمین راشد کو میدان میں اتارا ہے تاہم عوامی تحریک اور پی ٹی آئی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوچکی ہے جس کے تحت عوامی تحریک کے امیدوار اشتیاق چوہدری دستبردار ہوگئے ہیں۔

مریم نواز نے آج حلقہ این اے 120 سے مہم کا آغاز کرتے ہوئے ایک ریلی بھی نکالی۔

مریم نواز نے حلقے کے کارکنان کے ساتھ اجلاس کیا جس میں پرویز رشید اور وفاقی وزیر اور مہم کے انچارج پرویز ملک بھی شریک تھے، اجلاس کے دوران کلثوم نواز کی صحت یابی کے لیے دعا بھی کرائی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ این اے 120 میں کارکنان کے مسائل حل کیے جائیں اور ان کے تحفظات کو دور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو چوتھی بار بھی وزیراعظم بنوائیں گے۔