نواز شریف ملزم نہیں مجرم، اڈیالہ جیل جائیں گے: عمران خان
چارسدہ: (ملت آن لائن) چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف قومی مجرم، ملک کے اربوں روپے چوری کئے ہیں۔
چارسدہ میں جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں میرٹ پر نہیں بلکہ خاندانی سیاست ہوتی ہے۔ یہ کیسی جمہوریت ہے کہ رشتہ داروں کے سوا ان کے پاس کوئی لیڈر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف لیڈر ہی نہیں تھا، انہیں جنرل ضیاء الحق سیاست میں لائے۔ ملٹری ڈکٹیٹرشپ کی پیداوار کبھی لیڈر نہیں بن سکتا۔ نواز شریف قومی مجرم ہیں، ملک کے اربوں روپے چوری کئے، ہزار روپے چوری کرنے والا جیل میں ہے لیکن 300 ارب روپے چوری کرنے والا آزاد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کا بچہ بچہ قرض میں مبتلا ہے۔ دن بدن ملک غریب ہو رہا ہے۔ ڈالر کی قیمت 124 تک پہنچ گئی۔ ملک کے حکمران پیسہ چوری کر کے باہر کے ملکوں میں بھیج رہے ہیں۔ دس سال پہلے ساٹھ سال تاریخ میں 6 ہزار ارب تھا لیکن پچھلے دس سالوں میں قرضے 27 ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ ان قرضے کے پیسوں سے نہ کوئی ڈیم بنا نہ بجلی کی صورتحال ٹھیک ہوئی۔ عوام کو ان تمام چیزوں کا خیال رکھتے ہوئے آئندہ انتخابات میں اپنا فرض ادا کرنا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ لاہور میں بارش نے شہباز شریف کی ساری ترقیاتی کاموں کی قلعی کھول کے رکھ دی۔ شہباز شریف نے ساری ترقی اخبار میں اشتہار چھپوا کر کی ہے۔ انہوں نے کہا شہباز شریف، مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری پاکستان کا اگلا وزیرِاعظم بننے کی تیاریوں میں ہیں۔