نواز شریف کو باہر بھجوانے کی کوششیں، تحریک انصاف کے تحفظات
اسلام آباد:(ملت آن لائن) پاکستان تحریک انصاف نے شریف خاندان کے لیے کسی قسم کے این آر او کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے نوازشریف کو بیرون ملک بھجوانے کی کوششوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات و ترجمان فواد چوہدری نے منگل کو بنی گالہ میں عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی جانب سے اداروں سے بات چیت کا بیان انتہائی تشویشناک ہے، قانون کے یکساں اور بے لاگ نفاذ کے علاوہ کوئی راستہ قابل قبول نہیں، احتساب کا عمل بلا تعطل مکمل ہونا چاہیے، نواز شریف کیساتھ وہی برتاؤ کیا جانا چاہیے جیسا چوری اور دیگر جرائم میں ملوث عام شہریوں کیساتھ کیا جاتا ہے۔
اجلاس میں ملکی معاشی صورتحال میں بدترین بگاڑ پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور اسد عمر کی سربراہی میں معاشی میڈیا کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا گیا۔ سینیٹر شبلی فراز اور عمر ایوب خان اسد عمر کیساتھ کمیٹی کا حصہ ہونگے۔ فواد چوہدری نے مزید کہا کہ اپریل میں عمران خان فاٹا کے مستقبل کیلئے ٹھوس لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ پختون بھائیوں سمیت ہر رنگ و نسل کے پاکستانیوں کے حقوق کا تحفظ ہماری ترجیح ہے۔