خبرنامہ

نواز شریف کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس

نواز شریف کی

نواز شریف کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس

اسلام آباد:(ملت آن لائن) سابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں نواز شریف نے کہا کہ میرے خلاف فیصلہ دینے والے عوامی عدالت کا فیصلہ دیکھ لیں۔ احتساب عدالت میں پیشی کے بعد سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پنجاب ہاؤس میں مشاورتی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں مریم نواز، طلال چوہدری، طارق فضل چوہدری، امیر مقام، پرویز رشید ،طارق فاطمی، بلیغ الرحمٰن اور طاہرہ اورنگزیب شریک ہوئے۔ اجلاس میں سینیٹ انتخابات، آئندہ چیئرمین سینیٹ و دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر لودھراں میں کامیابی کے عام انتخابات پر اثرات سے متعلق مشاورت بھی کی گئی۔ نواز شریف کو لودھراں میں مسلم لیگ ن کی تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر گزار ہوں اس نے عوام کی عدالت میں سرخرو کیا۔ عوامی عدالت نے فیصلہ کردیا کون اہل اور کون نااہل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے خلاف فیصلہ دینے والے عوامی عدالت کا فیصلہ دیکھ لیں، عوام اب خود انصاف کر رہے ہیں۔ سب سازشوں کا جواب عوامی عدالت سے آرہا ہے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ عوام تعمیر اور تفریق کے ایجنڈوں میں فرق واضح کر چکے ہیں۔ نوازشوں کے باوجود لاڈلے کو عوام نے عبرت ناک شکست سے دو چار کیا۔