اسلام آباد(ملت آن لائن)وزیراعظم نواز شریف نے جمعرات کے روز وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) رپورٹ کا بھی جائزہ لیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران پاناما کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) رپورٹ کا بھی جائزہ لیے جانے کا امکان ہے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم موجودہ ملکی سیاسی صورت حال پر کابینہ کو اعتماد میں لیں گے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس میں ملکی معاشی صورت حال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
پیر کوعدالت عظمیٰ میں پاناما پیپرز لیکس کیس کی سماعت کے دوران جے آئی ٹی نے اپنی حتمی رپورٹ پیش کردی جس کے مطابق شریف فیملی کے اثاثے آمدن سے زیادہ ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے لندن کی خسارے میں چلنے والی 6 آف شور کمپنیوں کو مہنگی جائیدادیں خریدنے اور رقوم منتقل کرنے کیلئے استعمال کیا گیا اور یہ کمپنیاں 80-90 کی دہائی میں بنیں جب نواز شریف کے پاس عوامی عہدہ تھا۔
رپورٹ کے مطابق ان کمپنیوں کے قیام میں اپنا سرمایہ بہت کم تھا، ملکی اور غیر ملکی اداروں سے رقم حاصل کی گئی، کمپنیاں یا تو بند پڑی تھیں یا خسارے میں تھیں، گزشتہ 20 برسوں میں ان کمپنیوں کا کوئی منافع نہیں ہے۔
256 صفحات پر مشتمل رپورٹ کے مطابق بیانات اور تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ مدعا علیہان کا رہن سہن ان کی آمدن سے زائد ہے جب کہ بڑی رقوم کی قرض اور تحفے کی شکل میں بے قاعدگی سے ترسیل کی گئی ہے۔