خبرنامہ

نگران حکومت نے چاروں صوبوں کے آئی جیز اور چیف سیکریٹریز کو تبدیل کردیا

اسلام آباد: الیکشن سے قبل بیوروکریسی میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلوں میں چاروں صوبوں کے آئی جیز اور چیف سیکریٹریز کو تبدیل کردیا گیا۔

جیونیوز کےمطابق بیورو کریسی میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلوں کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹی فکیشن کےمطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی ) پولیس سندھ اے ڈی خواجہ کی جگہ امجد سلیمی کو نیا آئی جی لگانے کی منظوری دی گئی ہے، امجد سلیمی اس وقت موٹروے پولیس سربراہ کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں، کہ پنجاب میں عارف نواز کی جگہ کلیم امام کو آئی جی تعینات کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا میں صلاح الدین محسود کا تبادلہ کرکے محمد طاہر کو نیا آئی جی خیبرپختونخوا تعینات کیا گیا ہے جب کہ آئی جی بلوچستان معظم جاہ انصاری کی جگہ محسن بٹ کو پولیس سربراہ لگایا گیا ہے۔

اس کے علاوہ جودت ایاز کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا چیف کمشنر تعینات کیا گیا اور جان محمد کو آئی جی اسلام آباد لگایا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کےمطابق پنجاب میں ایڈیشنل ہوم سیکریٹری کی ذمہ داریاں انجام دینے والے اعظم سلمان چیف سیکریٹری سندھ تعینات کیے گئے ہیں اور وفاقی سیکریٹری اکبردارنی پنجاب کا چیف سیکریٹری لگایا گیا ہے۔

نوید کامران بلوچ چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا ہوں گے جب کہ ڈاکٹر اختر نذیر کو بلوچستان کا چیف سیکریٹری تعینات کیا گیا ہے۔

ذرائع کےمطابق بیورو کریسی میں اعلیٰ سطح پر تقررو تبادلوں کا فیصلہ نگران وزیراعظم اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے درمیان آج ہونے والی ملاقات میں کیا گیا جب کابینہ نے ان تبادلوں اور تقرریوں کی منظوری بھی دے دی ہے۔