خبرنامہ

نیب ریفرنس: اسحاق ڈار کیخلاف سماعت بغیر کارروائی ملتوی

نیب ریفرنس: اسحاق ڈار کیخلاف سماعت بغیر کارروائی ملتوی

اسلام آباد:(ملت آن لائن) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کیخلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت عدالت عالیہ کے حکم امتناعی کے باعث بغیر کارروائی 2 جنوری تک ملتوی کر دی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔ عدالت نے استغاثہ کے گواہ قابوس عزیز کو بیان قلمبند کرانے کیلئے آج طلب کر رکھا تھا، سماعت کے آغاز پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسحاق ڈار کیخلاف کارروائی پر حکم امتناع جاری کیا ہے۔ عدالتی استفسار پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ حکمنامے کی نقل کے حصول کیلئے درخواست دے رکھی ہے،عدالتی چھٹیوں کے بعد کی تاریخ رکھ لیں تب تک حکمنامہ جمع کرا دیں گے، تب تک اسحاق ڈار کی نیک نیتی دیکھ لیں گے کہ وہ آتے ہیں یا نہیں۔ اسحاق ڈار کی جانب سے کوئی بھی پیش نہ ہو سکا۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے احتساب عدالت کو اسحاق ڈار کے خلاف کارروائی روکنے کا حکم دیتے ہوئے 17 جنوری تک حکم امتناع جاری کیا۔ عدالت نے کہا کہ ضابطہ فوجداری کے تحت 30 دن کی مہلت دیئے بغیر ملزم کو اشتہاری کیسے قرار دیا جا سکتا ہے؟۔ اسحاق ڈار نے وارنٹ گرفتاری اور اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ آمدن سے زائد اثاثہ جات یفرنس میں اسحاق ڈار بطور ملزم اب تک 7 مرتبہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ 14 نومبر کو عدم حاضری پر عدالت نے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ 21 نومبر کو مسلسل عدم حاضری پر احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کو مفرور ملزم جبکہ 11 دسمبر کو اشتہاری قرار دے دیا۔