نیب ریفرنس: نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
اسلام آباد:(ملت آن لائن) سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی جانب سے نیب ریفرنسز میں حاضری سے استثنیٰ کی دائر نئی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کر رہے ہیں جس کے آغاز پر نواز شریف اور مریم نواز کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔ درخواست میں سات دن کے لئے حاضری سے استثنیٰ مانگا گیا ہے جب کہ درخواست کے ساتھ بیگم کلثوم نواز کی میڈیکل رپورٹ بھی لگائی گئی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ 26 مارچ سے ایک ہفتے کے لئے حاضری سے استثنیٰ دیا جائے جب کہ اس دوران نواز شریف کی جگہ ان کے نمائندے علی ایمل اور مریم نواز کی جگہ ان کے نمائندے جہانگیر جدون پیش ہوں گے۔ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے موقف اختیار کیا کہ کلثوم نواز کی کیمو تھراپی ہونی ہے جس کے لئے نواز شریف اور ان کی صاحبزادی کو لندن جانا ہے جب کہ ڈاکٹرز نے بھی کہا کہ کلثوم نواز کے شوہر کو بلایا جائے۔ اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر افضل قریشی کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی شدید مخالفت کی گئی اور کہا کہ ٹرائل اختتام کے قریب ہے اس لیے ملزمان کو جانے کی اجازت نہ دی جائے جب کہ عدالت نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء بھی کمرہ عدالت میں موجود ہیں جنہیں عدالت نے بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر رکھا تھا۔