نیب نے سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو طلب کرلیا
لاہور:(ملت آن لائن) قومی احتساب بیورو(نیب) نے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو طلب کرلیا۔ نیب نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سےمتعلق تفتیش کا دائرہ کار مزید وسیع کردیا ہے اور اس حوالے سے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو 22 مارچ کو طلب کرلیا گیاہے۔ خواجہ سعد رفیق سے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے متعلق انکوائری کی جائے گی۔
دوسری جانب نیب نے خواجہ سعد رفیق کے چھوٹے بھائی صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو بھی 26 مارچ کو طلب کیا ہے۔ سلمان رفیق کوپنجاب حکومت کی کمپنیز میں کرپشن کے حوالے حوالے سے پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیاہے۔ نیب نے گزشتہ دنوں پنجاب کے سیکریٹری صحت نجم شاہ کو بھی طلب کیا تھا اور ان سے بھی کمپنیز میں کرپشن سے متعلق پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ واضح رہےکہ نیب نے ریلوے آلات میں کرپشن کے حوالے سے سعد رفیق کے خلاف تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے جب کہ سپریم کورٹ نے وزیر ریلوے سے ایل ڈی اے کیس میں بھی بیان حلفی طلب کررکھا ہے۔