ورکنگ باؤنڈری: بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے 3 شہری زخمی
راولپنڈی:(ملت آن لائن) ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے 3 شہری زخمی ہوگئے جب کہ پاکستانی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی میں ایک بھارتی فوجی ہلاک ہوگیا۔ بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر مسلسل سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی جاری ہے اور آئے روز بے گناہ بھارتی فورسز کی فائرنگ کا نشانہ بنتے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورسز نے ورکنگ باؤنڈری پر تازہ کارروائی کی ہے جس میں بلااشتعال فائرنگ سے 3 شہری زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آرکے مطابق بھارتی فوج نے ظفر وال سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کرکے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا۔ تاہم پاکستانی فورسز نے اس اشتعال انگیزی پر بھارتی فورسز کی چوکیوں پر بھرپور جوابی کارروائی کی جس میں ایک بھارتی فوجی ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔
…………………………….
اس خبر کو بھی پڑھیے…امریکا کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں، وزیر دفاع
اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیر دفاع خرم دستگیر کا کہنا ہےکہ امریکا کی کسی بھی ایسی غیر معمولی حرکت کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں جس سے ہمیں نقصان کا اندیشہ ہو۔ امریکی صدر کی پاکستان مخالف ٹوئٹ کے بعد ملک کی سیاسی و عسکری قیادت کی جانب سے بھرپور جواب دیا گیا۔ امریکا نے 15 برسوں میں احمقوں کی طرح پاکستان کو 33 ارب ڈالر امداد دی، ٹرمپ پارلیمنٹ ہاؤس میں جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ ریکس ٹیلرسن اور جیمز میٹس جب پاکستان آئے تو انہوں نے سفارتی آداب کے تحت بات کی اس میں دھمکی اور توہین کا عنصر نہیں تھا لیکن ٹرمپ اور مائیک پینس کے لہجے میں دھمکی کا عنصر نظر آتا ہے، یہاں دھمکیاں اور توہین کی گئی۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ہمیں امریکا کے معاملے پر پوری صورتحال کا تجزیہ کرنا ہے اور ٹھنڈے دل کے ساتھ حکمت عملی ترتیب دے رہے ہیں جب کہ اس پر پارلیمان سے گفتگو کی ہے۔ خرم دستگیر نے مزید کہا کہ ’ہمیں پاکستان کے تحفظ کے بارے میں کسی قسم کا خوف نہیں، پاکستان کا دفاع مضبوط ہے، سوال یہ ہے کہ امریکا واقعی کوئی اس قسم کی غیر معمولی حرکت نہ کردے جس سے ہمیں نقصان ہونے کا اندیشہ ہے اس کے لیے بالکل تیار ہیں لیکن ابھی چاہتے ہیں امریکا کے ساتھ مل کر آگے چلیں‘۔